اٹک : پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کے وکیل انتظار حسین پنجوتھہ کو پنجاب کے ضلع اٹک سے بازیاب کر لیا گیا۔
ڈی پی او اٹک ڈاکٹر غیاث گل نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ پولیس نے ایک مشکوک گاڑی کو روکا، جس پر ملزمان نے فائرنگ شروع کر دی۔ پولیس نے بھی جواب میں فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں ملزمان گاڑی چھوڑ کر فرار ہوگئے۔
پولیس کی جانب سے گاڑی کی تلاشی کے دوران انتظار پنجوتھہ کو باندھا ہوا پایا گیا ، بازیابی کے بعد ان کا کہنا تھا کہ ان کے اہل خانہ سے دو کروڑ روپے تاوان مانگا جا رہا تھا۔ انہیں فوری طور پر تھانے منتقل کیا گیا اور ان کا بیان ریکارڈ کر لیا گیا۔
یاد رہے کہ انتظار حسین پنجوتھہ 8 اکتوبر کو اسلام آباد سے لاپتا ہوئے تھے، جس کے بعد ان کی گمشدگی کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی گئی تھی۔ اٹارنی جنرل نے بھی عدالت کو یقین دلایا تھا کہ انتظار اگلے 24 گھنٹوں میں بازیاب ہو جائیں گے۔ پولیس نے مزید قانونی کارروائی اور مفرور ملزمان کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن کا آغاز کر دیا ہے۔