بیروت:لبنانی مزاحمتی تحریک حزب اللّٰہ کے سربراہ حسن نصراللّٰہ کا کہنا ہے کہ طوفان اقصیٰ آپریشن نے اسرائیل کو ہر سطح پر جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے۔غزہ پر اسرائیلی حملے کے بعد حسن نصر اللّٰہ نے اپنے پہلے خطاب میں کہا کہ طوفان اقصیٰ آپریشن نے اسرائیل کو ہر سطح پر جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیل کا دفاعی نظام مکڑی کے جال سے زیادہ کمزور ثابت ہوا، اسرائیلی کارروائیاں اس کے مستقبل پر اثر انداز ہونے والے منفی اثرات کو ختم نہیں کر سکتیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیل کی بدترین ناکامی پر اسرائیل کے عوام اور اس کے حامی تک کو شرمندگی ہوئی، امریکا کو اسرائیل کی تباہ ساکھ کو بچانے کیلئے فوری طور پر میدان میں اترنا پڑا، غزہ کے عوام کی قربانیوں نے نئی تاریخ رقم کر دی۔
انہوں نے کہا کہ طوفان اقصیٰ جنگ وسیع تر ہوکر مختلف محاذوں اور میدانوں تک پہنچ گئی ہے۔ صہیونیوں کے خلاف جاری جنگ کی اخلاقی اور شرعی حیثیت پر ذرہ بھر شبہ نہیں ہے۔ جنگ کا اختتام فلسطینیوں کی کامیابی پر ہوگا، اسرائیل حماس کے خاتمے کا خواب دیکھنا چھوڑ دے۔
حسن نصر اللّٰہ نے کہا کہ 7 اکتوبر واقعات کے محرکات پر روشنی ڈالنا اور حزب اللّٰہ کا موقف واضح کرنا ضروی ہے، طوفان اقصیٰ فلسطینی مزاحمتی گروپ القسام بریگیڈز کا کامیاب کارنامہ ہے، حزب اللّٰہ کو 7 اکتوبر آپریشن سے متعلق کوئی پیشگی اطلاع نہیں تھی۔
سربراہ حزب اللّٰہ نے کہا کہ طوفان اقصیٰ آپریشن فلسطینیوں کی جنگ ہے، اس کا علاقائی ممالک سے کوئی تعلق نہیں ہے۔حسن نصر اللّٰہ نے مزید کہا کہ ایران کی حزب اللّٰہ اور دیگر مزاحمتی گروپوں پر کوئی اجارہ داری نہیں، حزب اللّٰہ کا اسرائیل کے خلاف 7 اکتوبر کے آپریشن سے کوئی تعلق نہیں ہے۔