لکھنئو: افغانستان کی ٹیم نیدرلینڈز کو شکست دے کر سیمی فائنل کی دوڑ میں شا مل ہوگئی ہے۔آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے 34ویں میچ میں افغانستان نے نیدرلینڈز کو بآسانی 7 وکٹوں سے شکست دی ہے۔ نیدرلینڈز نے افغانستان کو جیت کےلیے 180 رنز کا ٹارگٹ دیا تھا جو افغانستان نے 31.3 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
لکھنو میں کھیلے گئے میچ میں نیدرلینڈز کی پوری ٹیم 46.3 اوورز میں 179 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تھی۔کرکٹ ورلڈ کپ کے 34 ویں میچ میں نیدر لینڈز نے افغانستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔نیدرلینڈز کی طرف سے سائبرانڈ 58 رنز بناکر ٹاپ سکورر رہے جبکہ میکس اوڈاؤڈ نے 42، کولن ایکرمین نے 29، وین ڈر مروے نے11 اور وین میکرین نے 4 رنز بنائے۔
افغانستان کی طرف سے محمد نبی نے 3، نور احمد نے 2 اور نجیب الرحمان نے ایک وکٹ حاصل کی۔ نیدرلینڈز کے 4 بیٹرز رنز آؤٹ ہوئے۔
افغانستان کی طرف سے حشمت اللّٰہ شاہدی 56 رنز کے ساتھ سرفہرست رہے۔رحمت شاہ نے 52 رنز کی اننگز کھیلی، جس میں 8 چوکے شامل تھے، ابراہیم زدران 20 اور رحمان اللّٰہ گرباز 10 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ عظمت اللّٰہ عمرزائی31 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے افغانستان کرکٹ ٹیم کے کپتان حشمت اللّٰہ شاہدی نے کہا تھا کہ ہم ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنا چاہتے تھے، ورلڈ کپ میں ہمیں ہر طرف سے سپورٹ مل رہی ہے۔ نیدر لینڈز کے کپتان سکاٹ ایڈورڈز نے کہا تھا کہ اچھا سکور دے کر اس کا دفاع کریں گے۔