سابق وزیر خزانہ کی بیٹی 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل

01:13 PM, 3 Nov, 2023

نیوویب ڈیسک

لاہور: جوڈیشل عدالت لاہور نے  سابق وزیر خزانہ سلمان شاہ کی بیٹی اور سابق آرمی چیف آصف نواز جنجوعہ کی نواسی خدیجہ شاہ کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔ 

جوڈیشل مجسٹریٹ عمران عابد نےجسمانی ریمانڈ کی درخواست پر سماعت کی۔ ایف آئی اے کے لیگل ایڈوائزر رانا اعجاز خلیل عدالت پیش ہوئے۔ خدیجہ شاہ کو ایف آئی اے نے جیل سےاپنی حراست میں لینے کے بعد  جسمانی ریمانڈ کی سماعت کے لیے عدالت پیش کردیا۔

خدیجہ شاہ کو ایف آئی اے کی جانب سے عدالت میں پیش کرنے کے بعد ملزمہ کے 14روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی۔

وکیل ایف آئی اے نےدلائل دیتے ہوئے کہا 9مئی کو خدیجہ شاہ نے اشتعال انگیز ٹویٹ کیے،وہ ٹویٹ ابھی تک ری ٹویٹ ہورہے ہیں۔

خدیجہ شاہ کے وکیل نے کہا خدیجہ شاہ پانچ ماہ سے جیل میں ہیں ،کیا ٹویٹ جیل سے کررہی ہیں ؟سینئر وکیل ہائیکورٹ میں توہین عدالت کی درخواست میں مصروف ہیں،وکیل نے عدالت سے کیس کو انتظار میں رکھنے کی استدعا کردی۔

 
عدالت نے خدیجہ شاہ کے وکیل کی استدعا منظور کرتے ہوئے سماعت کچھ دیر تک ملتوی کردی۔

وقفے کے بعد عدالت نے وکلا کے دلائل مکمل ہونے کے بعد جسمانی ریمانڈ پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔

بعد ازاں  جوڈیشل مجسٹریٹ عمراب عابد نے جسمانی ریمانڈ پر فیصلہ سناتے ہوئے عدالت نے خدیجہ شاہ کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پرجیل بھیج دیا۔

دوسری جانب لاہور ہائیکورٹ میں  خدیجہ شاہ کی آئی جی پنجاب اور سی سی پی او لاہور کےخلاف توہین عدالت کی درخواست پرسماعت ہوئی، آئی جی پنجاب  ذاتی حیثیت میں عدالت پیش  ہوگئے ۔

عدالت کوبتایا کہ نو مئی واقعات میں ملوث افراد کیخلاف کیسز درج کئے گئے، واٹس ایپ، شناخت پریڈ اور دیگر ذرائع سے تصدیق کے بعد گرفتاریاں کی گئیں، ملزمہ کو بھی اسی پراسس کے تحت گرفتار کیا گیا۔

عدالت نے ریمارکس دیئے کہ شہریوں کی آزادی عدالت کےلئے مقدم ہے،کسی کو اختیارات کا غلط استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔

عدالت نے آئی جی پنجاب کوتحریری جواب داخل  کرنے کی ہدایت کرتے ہوئےسماعت 10 نومبر تک ملتوی کردی۔

مزیدخبریں