جس کی لاٹھی اس کی بھینس، ہم بھی کندھے پر چڑھ کے حکومت میں آئے اگلے بھی ایسے ہی آئیں گے: فیصل واوڈا

09:32 AM, 3 Nov, 2023

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: سابق وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا کاکہنا ہے کہ پاکستان کی تاریخ میں اور آنے والے سالوں میں نہ کبھی صاف اور شفاف الیکشن ہوئے ہیں اور نہ کبھی ہوں گے۔ 

نجی ٹی وی کے ٹاک شو میں گفتگو کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ پاکستان کے تمام حالات پی آئی کی نظام کی طرح ہیں۔  فیصل واوڈا کا کہنا ہے کہ الیکشن کی تاریخ آ جانا یا 8 فروری کو ہونے والے الیکشنز میں کوئی بھی انہونی بات نہیں ہے۔ جس ملک میں دس سال کی بچی ملازمت کرتی، اس کے ساتھ جنسی زیادتی ہو جاتی، قتل ہو جاتا ہے، جس ملک میں انصاف کسی کو بھی نہیں ملت،  جس ملک میں مردے کا ووٹ کاؤنٹ ہو جاتا، جس ملک کے باشندے موٹر سائکل، 5 ہزار یا بریانی کی پلیٹ پر ووٹ کاسٹ کر دیتے ہیں،  اس ملک میں کچھ بھی ہو سکتا ہے۔ 

انتخابات کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ اس ملک میں جو انتخابات 1999، 2008 یا 2018 میں ہوا، جو کل اور پھر آنے والے کل میں ہو گا اس بار بھی ویسا ہی ہو گا، اس ملک میں آئندہ انتخابات تو کیا آنے والے انتخابات بھی کبھی صاف اور شفاف نہیں ہوں گے۔ 

آئندہ انتخابات میں کسی کی جیت ہو گی اس حوالے سے فیصل واوڈاکا کہنا تھا کہ جس کی لاٹھی اس کی بھینس والا نظام ہے ادھر، جس کی ایڈمنسٹریشن، پولیس، اے سی، ڈی سی ہوں گے اس کا ہی الیکشن ہو گا۔ آئندہ انتخابات کیسے ہوں گے اس میں کوئی راکٹ سائنس نہیں ہے۔ ہم بھی کندھے پر چڑھ کے آئے تھے ، پچھلے والے بھی کندھے پر چڑھ کے آئے تھے اگلے بھی ایسے ہی آئیں گے اور یہ سلسلہ اسی طرح چلتا رہے گا۔ 

سابق وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے کہا کہ ہمیشہ حسب حال اور حسب ضرورت ہم پاکستان کا تماشہ اور تمسخر دیکھتے رہیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ جو بھگتتا ہے اگر وہ ہی موٹر سائیکل، 5 ہزار اور بریانی پر ووٹ دے دیتا ہے تو ہمیں کیا ہی کہنے کی ضرورت ہے۔ 

مزیدخبریں