اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) چیئرمین عمران خان پر قاتلانہ حملے، وزیراعظم اور وزیرداخلہ پر الزامات سے متعلق حکومتی سیاسی رہنماو¿ں کا اجلاس طلب کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت یہ اجلاس صبح 11 بجے منعقد ہو گا جس میں تمام اتحادی جماعتوں کے قائدین شرکت کریں گے جبکہ اجلاس میں وزیر آباد میں عمران خان پر قاتلانہ حملے اور اس کے بعد ان کی جانب سے لگائے گئے الزامات پر بات چیت کی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس اہم اجلاس میں سیاسی صورتحال پر اتحادی جماعتوں کے قائدین سے مشاورت کی جائے گی اور اجلاس میں واقعہ کی انکوائری کے حوالے سے پنجاب حکومت کے ساتھ تعاون اور جوائنٹ انویسٹی گیشن (جے آئی ٹی) کی پیشکش کا جائزہ بھی لیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق اس سلسلے میں وفاق نے پنجاب حکومت کو جے آئی ٹی بنانے کا مراسلہ لکھ دیا ہے جس میں جے آئی ٹی میں سینئر پولیس افسران اور خفیہ اداروں کے نمائندوں شامل کیا جائے، وزارت داخلہ نے مراسلہ چیف سیکرٹری پنجاب، آئی جی پنجاب اور ایڈشنل کو ارسال کر دیا۔