لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) لانگ مارچ کے دوران عمران خان کے کنٹینر پر فائرنگ کے واقعہ کے بعد وفاقی حکومت نے پنجاب حکومت کو جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم(جے آئی ٹی ) بنانے کا مراسلہ لکھ دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزارت داخلہ کی جانب سے چیف سیکرٹری اور آئی جی پنجاب کو ارسال کئے گئے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ جے آئی ٹی میں سینئر پولیس افسران اور خفیہ اداروں کے نمائندوں کو شامل کیا جائے۔
مراسلے میں وفاقی حکومت کی جانب سے کہا گیا کہ فائرنگ کے واقعے کی تحقیقات کیلئے جے آئی ٹی بنائی جائے تاکہ شفاف انکوائری عمل میں لائی جا سکے۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے دوران سابق وزیراعظم عمران خان کے کنٹینر پر فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق جبکہ عمران خان اور فیصل جاوید سمیت 13 افراد زخمی ہوئے۔
زخمی ہونے والوں میں حامد ناصر چٹھہ کے صاحبزادے احمد چٹھہ اور چوہدری محمد یوسف بھی زخمی ہیں جبکہ یہ بھی بتایا جا رہا ہے کہ احمد چٹھہ کی حالت تشویشناک ہے۔