لاہور :وزیر اعلی پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے عمران خان پر فائرنگ کرنے والے ملزم کا وڈیو بیان لیک کرنے پر متعلقہ تھانے کے ایس ایچ او سمیت تمام عملے کو معطل کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلی پنجاب چودھری پرویزالٰہی کی زیر صدارت ہنگامی اجلاس ہوا ،اجلاس میں فائرنگ کے واقعہ کا جائزہ لیا گیا ، وزیر اعلی پنجاب نے انسپکٹر جنرل پولیس کو غیر ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کی ہدایت کردی ،، تھانے کے تمام عملے کے موبائل قبضے میں لے لئے گئے ، موبائل فونز کا فرانزک آڈٹ کرایا جائے گا ۔
اجلاس میں انسپکٹر جنرل پولیس، سپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان، شفقت محمود، ایم پی اے حافظ عمار یاسر، اختر ملک،میاں محمودالرشید، پرنسپل سیکرٹری وزیر اعلی محمد خان بھٹی، کمشنر لاہورڈویژن، سی سی پی او لاہور اور متعلقہ حکام شر یک تھے ۔ وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ نے عمران خان پر قاتلانہ حملے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پولیس سے رپورٹ طلب کرلی ۔
وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ نے شوکت خانم ہسپتال میں عمران خان کی عیادت کی ،انہوں نے چیئرمین پی ٹی آئی کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی ، چوہدری پرویز الہیٰ کا کہنا تھا اللہ تعالیٰ کا شکر ہے عمران خان خیریت سے ہیں دشمن کے مذموم عزائم ناکام ہو گئے ہیں ،واقعہ کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے، واقعہ میں ملوث ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لائیں گے۔