جھکوں گا نہیں، ڈٹ کر مقابلہ کروں گا، عمران خان کا زخمی ہونے کے بعد پہلا بیان

جھکوں گا نہیں، ڈٹ کر مقابلہ کروں گا، عمران خان کا زخمی ہونے کے بعد پہلا بیان

لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اللہ کا شکر ہے خیریات سے ہوں، جھکوں گا نہیں بلکہ ڈٹ پر مقابلہ کروں گا اور لانگ مارچ ہر صورت اسلام آباد پہنچے گا۔ ۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی اور سابق وزیراعظم عمران خان نے فائرنگ کے واقعے میں زخمی ہونے کے بعد جاری کئے گئے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اللہ کا شکر ہے میں خیریت سے ہوں۔ 
انہوں نے ایک بار پھر اپنی جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ میں جھکوں گا نہیں بلکہ ڈٹ کر مقابلہ کروں گا اور لانگ مارچ ہر صورت اسلام آباد پہنچے گا۔ 
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان قاتلانہ حملے میں زخمی ہو گئے ہیں جنہیں طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ واقعے میں ایک شخص جاں بحق ہوا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق وزیر آباد میں ظفر علی خان چوک میں پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے کنٹینر پر فائرنگ ہوئی جس کے نتیجے میں چیئرمین پی ٹی آئی کی ٹانگ میں گولی لگی اور مزید 8 افراد زخمی ہوئے جن میں فیصل جاوید خان، عمر ڈار اور احمد چٹھہ بھی شامل ہیں۔ 


عمران خان کو گولی لگنے کے بعد سیکیورٹی اہلکاروں نے فوری طور پر انہیں اپنے حصار میں لے لیا اور ہسپتال پہنچانے کیلئے کنٹینر سے گاڑی میں منتقل کیا اور انہیں شوکت خانم ہسپتال منتقل کیا گیا۔ 

حملہ آور گرفتار 


فائرنگ کے بعد لانگ مارچ کے شرکاءمیں خوف و ہراس پھیل گیا اور بھگدڑ مچ گئی جبکہ موقع پر موجود سیکیورٹی اہلکاروں نے حملہ آور کو فوری طور پر حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا۔ 
حملہ آور کی گرفتاری کے کچھ ہی دیر بعد اس کا ویڈیو بیان بھی منظرعام پر آ گیا اور پولیس کی گرفت میں موجود حملہ آور نے بتایا کہ میں نے عمران خان پر اس لئے حملہ کیا کیونکہ وہ قوم کو گمراہ کر رہا تھا۔

حملہ آور نے کہا کہ میں نے اپنی فائرنگ میں صرف عمران خان کو مارنے کی کوشش کی۔ اس کا مزید کہنا تھا کہ میں اکیلا ہوں اور میرے پیچھے کوئی نہیں، میں اپنی موٹر سائیکل پر آیا اور اسے اپنے ماموں کی دکان پر کھڑی کر کے لانگ مارچ میں آ گیا۔ 

ڈاکٹر فیصل سلطان

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کو طبی امداد کیلئے شوکت خانم ہسپتال لاہور منتقل کیا گیا جہاں ان کا سی ٹی سکین کیا جارہا ہے اور ماہر ڈاکٹر پی ٹی آئی چیئرمین کو دیکھ رہے ہیں۔ 
ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر اس بات کا اندازہ لگانے میں مصروف ہیں کہ جو گولی عمران خان کو لگی ہے اس نے ہڈی کو متاثر کیا ہے یا نہیں، باقی معلومات سی ٹی سکین کے بعد سامنے آئیں گے جبکہ اس دوران یہ بھی دیکھا جائے گا کہ گولی ان کی ٹانگ کو چھو کر گزری ہے یا اندر موجود ہے۔
شوکت خانم کے ڈاکٹر فیصل سلطان کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ عمران خان کے علاج کیلئے ماہر ڈاکٹرز پر مشتمل میڈیکل بورڈ تشکیل دیا گیا ہے جس میں سرجن، آرتھوپیڈک اور فزیشن و دیگر شامل ہیں۔ 
ان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹروں کی ماہر ٹیم عمران خان کا علاج کر رہی ہے اور یہ معائنہ کیا جا رہا ہے کہ گولی جسم کے اندر ہے یا نکل چکی جبکہ عمران خان کے ساتھ اور بھی زخمی ہیں جن کا علاج جاری ہے۔ 
انہوں نے بتایا کہ عمران خان کا بلڈ پریشر نامل ہے جبکہ ان کی ٹانگ کے ایکسرے اور سی ٹی سکین کئے گئے ہیں، عمران خان کی ٹانگ کی پنڈلی کی ہڈی فریکچر ہوئی ہے اور انہیں مکمل علاج کے بعد ہسپتال سے ڈسچارج کیا جائے گا

وزیراعظم شہباز شریف

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان اور دیگر رہنماﺅں پر فائرنگ کے واقعے کی شدید مذمت کی ہے۔ 
وزیراعظم شہباز شریف نے واقعے کی فوری رپورٹ طلب کر لی جبکہ وزیر داخلہ کو آئی جی پولیس اور چیف سیکرٹری پنجاب سے فوری رپورٹ طلب کرنے کی ہدایت کر دی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے پی ٹی آئی کے لانگ مارچ میں کنٹینر پر فائرنگ کے واقعے کے بعد اپنی پریس کانفرنس بھی ملتوی کر دی ہے۔ 

آئی ایس پی آر


انٹرسروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) نے بھی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان پر قاتلانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ زخمیوں کی صحت یابی کیلئے دعاگو ہیں۔ 
آئی ایس پی آر نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کی صحت یابی کیلئے دعاگو ہیں جبکہ واقعے میں دیگر زخمیوں کی صحت یابی کیلئے بھی دعاگو ہیں۔ 

مصنف کے بارے میں