وزیرآباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان اور فیصل جاوید خان فائرنگ کے نتیجے میں زخمی ہو گئے ہیں۔ خون میں لت پت فیصل جاوید خان کی تصویر بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر آباد میں ظفر علی خان چوک میں پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے کنٹینر پر فائرنگ ہوئی جس کے نتیجے میں چیئرمین پی ٹی آئی اور فیصل جاوید خان سمیت متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں جنہیں طبی امداد کیلئے قریبی ہسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق عمران خان کو فوری طور پر ایمبولینس کے ذریعے ہسپتال منتقل کیا جا رہا ہے تاہم ابھی یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ انہیں طبی امداد کیلئے کس ہسپتال منتقل کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق فائرنگ کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور مارچ کے شرکاءمیں بھگدڑ مچ گئی جبکہ موقع پر موجود سیکیورٹی اہلکاروں نے حملہ آور کو فوری طور پر حراست میں لے لیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ظفر علی خان چوک میں فائرنگ کے بعد سیکیورٹی اہلکار فوری طور پر عمران خان کے پاس پہنچ گئے اور انہیں حصار میں لے لیا۔