گوجرانوالہ: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان قاتلانہ حملے میں زخمی ہو گئے ہیں جنہیں طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ واقعے میں ایک شخص جاں بحق ہوا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر آباد میں ظفر علی خان چوک میں پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے کنٹینر پر فائرنگ ہوئی جس کے نتیجے میں چیئرمین پی ٹی آئی کی ٹانگ میں گولی لگی اور مزید 8 افراد زخمی ہوئے جن میں فیصل جاوید خان، عمر ڈار اور احمد چٹھہ بھی شامل ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق عمران خان کو گولی لگنے کے بعد سیکیورٹی اہلکاروں نے فوری طور پر انہیں اپنے حصار میں لے لیا اور ہسپتال پہنچانے کیلئے کنٹینر سے گاڑی میں منتقل کیا اور انہیں شوکت خانم ہسپتال منتقل کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق فائرنگ کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور مارچ کے شرکاءمیں بھگدڑ مچ گئی جبکہ موقع پر موجود سیکیورٹی اہلکاروں نے حملہ آور کو فوری طور پر حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ظفر علی خان چوک میں فائرنگ کے بعد سیکیورٹی اہلکار فوری طور پر عمران خان کے پاس پہنچ گئے اور انہیں حصار میں لے لیا۔