راولپنڈی: پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ کے خلاف راولپنڈی کےشہری سڑکوں پر نکل آئے۔ شہر میں احتجاجی دھرنوں اور مظاہروں کے خلاف احتجاج کیا گیا اور بینرز بھی آویزاں کردیے گئے۔
نیو نیوز کے مطابق پی ٹی آئی لانگ مارچ راولپنڈی پہنچنے سے قبل شہر میں سول سوسائٹی کے نام سے بینرز آویزاں کر دیئے گئے۔بینرز احتجاجی دھرنوں اور مظاہروں کیخلاف مری روڈ پر آویزاں کیے گئے۔
سول سوسائٹی کی جانب سے آویزاں کیے گئے بینرز کہا گیا ہے کہ آئے روز پرتشدد مظاہروں سے کاروبار تباہ ہوچکے ہیں۔راولپنڈی احتجاج، دھرنوں سے تعلیمی نظام بری طرح متاثر ہے۔مظاہروں سے معاشی سرگرمیاں ٹھپ، مزدور کا چولہا بجھ چکا۔ بینرز میں حکومت سے مظاہروں اور دھرنوں کو ختم کرانے کا مطالبہ کر دیا۔
احتجاج اور دھرنوں کے خلاف راولپنڈی میں تاجروں اور سول سوسائٹی کے افراد نے ریلی بھی نکالی اور مظاہرہ کیا۔ شرکا کا کہنا تھا کہ احتجاج اور دھرنے کی سیاست کو ختم کیا جائے۔