مقتدر حلقوں نے میری عزت کو تار، تار کیا ہے: اعظم سواتی

12:19 PM, 3 Nov, 2022

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: رہنما پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اعظم سواتی نے کہا ہے کہ پاکستان ایک محکوم ملک ہے ۔ مقتدر حلقوں نے میری عزت کو تار، تار کیا ہے ۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اعظم سواتی نے کہا کہ میرا کیس سیاسی نہیں ، انسانی حقوق سے متعلق ہے ۔ عدلیہ کے قابل ججز کیلئے میرا کیس ٹیسٹ کیس ہے ۔ میرے بدن پر جتنے نشانات تھے ، بابر اعوان نے اس حوالے سے عدالت کو آگاہ کیا ۔ پوچھنا چاہتا ہوں کیا مجھے انصاف فراہم ہوگا یا نہیں ؟ آئین پاکستان نے ججز کو ایک خلیفہ کی حیثیت دی ہے ۔ کون ہے جو آئین سے ماورا ہے اسے عدالت میں لے کر آنا ہے ۔ ملک میں اگر حکمرانی ہوگی تو آئین و قانون کی ہوگی ۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور اس کے اداروں سے پیار کرتا ہوں ۔ چھوٹی عدالتیں قابل قدر ہیں انہیں کچھ نہیں کہہ سکتا ۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ بیرون ملک سے جتنے بھی پیسے کمائے وہ سب یہاں بھیجے ۔ کرپشن یا ناجائز اختیارات استعمال کرنے کی کوئی فائل نہیں ہے ۔ میری تنخواہ غربا ، مساکین اور یتیموں کی کفالت کیلئے خرچ ہوتی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت آنے سے پہلے ریلوے کا محکمہ بہت زیادہ کرپٹ تھا ، ریلوے کی وزارت سے کرپشن کو صاف کیا اور اس کو منافع بخش ادارہ بنایا ۔

اعظم سواتی نے کہا کہ پاکستان ایک غریب ملک ہے ، حکمران یہاں قرض لے کر عیاشیاں کرتے ہیں ۔ میرے اثاثوں کا تمام ریکارڈ ڈکلیئرڈ ہے ۔ امریکا کیلئے اس لئے بات کرتا ہوں اس نے فلسطین اور عراق کو تباہ کیا ۔

مزیدخبریں