وزیر اعظم نے اپنے خطاب میں قوم کو اصل زمینی حقائق سے آگاہ کیا، فواد چوہدری

11:12 PM, 3 Nov, 2021

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ملک کو حقیقی معنوں میں فلاحی ریاست بنانے کیلئے پرعزم ہیں اور وزیر اعظم نے اپنے خطاب میں قوم کو اصل زمینی حقائق سے آگاہ کیا۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ وزیر اعظم نے ملکی تاریخ کے سب سے بڑے فلاحی پروگرام کا اعلان کیا ہے اور 2 کروڑ خاندانوں کے لیے فلاحی پیکج سے مشکلات میں خاطر خواہ کمی ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ مستحق خاندانوں کو گھروں کی تعمیر کے لیے بلاسود قرضے دینے کا اعلان خوش آئند ہے اور وزیر اعظم نے اپنے خطاب میں قوم کو اصل زمینی حقائق سے آگاہ کیا۔

فواد چوہدری نے کہا کہ پوری دنیا میں مہنگائی میں اضافہ ہوا ہے اور پاکستان اس دنیا سے الگ نہیں ہے۔ آج مہنگائی کی وجہ حکومت نہیں بلکہ اس کی کئی وجوہات ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پچھلی حکومتوں کے لیے گئے قرضوں کی وجہ سے آج قوم معاشی مشکلات کا سامنا کر رہی ہے لیکن یوریا کھاد آج دنیا کے مقابلے میں سب سے سستی پاکستان میں مل رہی ہے۔

تیل کی قیمتوں کا ذکر کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں 100 فیصد اضافہ ہوا ہے لیکن پاکستان میں تیل کی قیمتوں میں صرف 33 فیصد اضافہ ہوا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا میں سب سے کم قیمت پر پیٹرول فروخت کر رہا ہے جبکہ بھارت اور بنگلہ دیش کے مقابلے میں پاکستان میں آٹے کی قیمت بھی نصف ہے۔حکومت ملک کو حقیقی معنوں میں فلاحی ریاست بنانے کے لیے پرعزم ہے۔

مزیدخبریں