لاہور :سر دیاں آتے ہی جہاں بیماریاں ہر دوسرے تیسرے انسان کو گھیر لیتی ہیں وہیں سردیوں میں سب سے زیادہ استعمال ہونے والے شہد کو بھی ملاوٹ مافیا نے اپنی لپیٹ میں لے لیا اور عوام کو زہریلا شہد فروخت کرنے لگے ۔
نمائندہ نیو نیوز کے مطابق ملاوٹ مافیا کیخلاف حکومت پنجاب نے ایکشن لیتے ہوئے کاروائیاں شروع کر دیں ، ڈی جی فوڈ اتھارٹی رفاقت علی نسوآنہ کی ہدایت پر جعلی شہد بنانے والوں کیخلاف کریک ڈاؤن کیاگیا۔فوڈسیفٹی ٹیموں نے داتا گنج بخش ٹاؤن میں جعلی شہد بنانے والے یونٹ پر کارروائی کرتے ہوئے 1225 کلو مال تلف کردیا۔
رپورٹ کے مطابق 800 کلو جعلی شہد، 80 کلو چینی،35 کلو گلوکوز، 5 کلو پھولوں کی پتیاں، 5 کلو کیمیکلز اور رنگ برآمدکرلیا۔مزید برآں گیس سیلنڈر، پیکنگ میٹریل اور خالی بوتلیں بھی قبضہ میں لے لیں گئیں۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی کاکہناتھا کہ گلاب کی پتیوں میں شوگر سیرپ، کیمیکلز اور رنگوں کی ملاوٹ سے شہد تیار کیا جارہا تھا۔بطور دوا استعمال ہونے والے شہد میں کیمیکلز اور مصنوعی اجزاء کی ملاوٹ گھنائونا فعل ہے۔ انہوں نے کہا وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر خوراک میں ملاوٹ اور جعلسازی کے خلاف مسلسل کارروائیاں جاری ہیں۔