دبئی: ٹی 20 ورلڈ کپ میں گروپ بی کے میچ میں نیوزی لینڈ نے اسکاٹ لینڈ کو 16 رنز سے شکست دے دی۔
میچ میں اسکاٹ لینڈ کی ٹیم نیوزی لینڈ کی جانب سے دیا گیا 173 رنز کا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 156 رنز بنا سکی۔
اسکاٹ لینڈ کے مائیکل لیسک نے 42 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جب کہ کیویز کی جانب سے ٹرنٹ بولٹ اور ایش سوڈی نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔اس سے قبل اسکاٹ لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے بیٹنگ کا آغاز جارحانہ انداز میں کیا گیا۔ نیوزی لینڈ نے مقررہ اوورز میں پانچ کھلاڑیوں کے نقصان پر 172 رنز بنائے۔ مارٹن گپٹل نے اپنے روایتی انداز میں کھیلتے ہوئے ٹی 20 میں اپنے تین ہزار رنز بھی مکمل کر لیے۔
نیوزی لینڈ نے جب اننگ کا آغاز کیا تو ایک طرف مارٹن گپٹل جارحانہ انداز اپنائے ہوئے تھے تو دوسری طرف سے ان کی وقفے، وقفے سے وکٹیں بھی کرتی رہیں اور سات اوورز کے اختتام تک 54 رنز پر ان کے تین کھلاڑی پویلین لوٹ چکے تھے۔
مارٹن گپٹل نے پاور ہٹننگ جاری رکھی اور اسکاٹ لینڈ کے باولرز کے چھکے چھڑا دیئے۔ مارٹن گپٹل 56 بالز پر 93 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ مارٹن گپٹل نے تیز اننگز کھیلتے ہوئے 6 چوکے اور 7 چھکے لگائے۔