نئی دہلی: بھارت نے بالاکوٹ حملے کے ناکام پائلٹ ابھی نندن کو ترقی دے دی ہے۔
انڈیا ٹوڈے کے حوالے سے بتایا ہے کہ بھارتی ائیرفورس کے ونگ کمانڈر ابھی نندن کوگروپ کیپٹن کا رینک دے دیا گیا ہے۔ بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو بالاکوٹ پر حملے کے دوران پاکستانی فوج نے حراست میں لیا تھا۔
پاکستان نے جذبہ خیر سگالی کے طور پر بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو چائے پلا کر اور سوٹ پہنا کر واپس بھیج دیا تھا۔ مقبوضہ کشمیر کے ضلع پلوامہ میں 14 فروری 2019 کو بھارتی فوجی قافلے پر خود کش حملہ ہوا تھا جس میں 45 سے زائد اہلکار ہلاک ہوگئے تھے، بھارت نے اس کے بعد بغیر کسی ثبوت کے حملے کا ذمہ دار پاکستان کو ٹھہرانا شروع کردیا تھا۔
26 فروری کو شب 3 بجے سے ساڑھے تین بجے کے قریب تین مقامات سے پاکستانی حدود کی خلاف ورزی کی کوشش کی جن میں سے دو مقامات سیالکوٹ، بہاولپور پر پاک فضائیہ نے دراندازی کی کوشش ناکام بنا دی تھی لیکن آزاد کشمیر کی طرف سے بھارتی طیارے اندر کی طرف آئے جنہیں پاک فضائیہ کے طیاروں نے روکا جس پر بھارتی طیارے اپنے پے لوڈ گراکر واپس بھاگ گئے تھے۔
بھارت کو پاکستان نے اس کے بعد واضح طور پر پیغام دیا تھا کہ اشتعال انگیزی کا پاکستان اپنی مرضی سے وقت اور مقام کا تعین کرکے جواب دے گا۔ پاکستان کی جانب سے کہا گیا تھا کہ بھارت ہمارے سرپرائز کا انتظار کرے۔