لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کی ملاقات ، باہمی دلچسپی کے امور ، سیاسی صورتحال اور امن و عامہ پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔
اس موقع پر عثمان بزدار نے کہا کہ کالعدم تنظیم کے ساتھ معاملہ افہام و تفہیم سے حل ہونا پاکستان کی جیت ہے ۔ پاکستان کیلئے سب نے اجتماعی بصیرت کا مظاہرہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت سب سے پہلے پاکستان کے مفادات کو ترجیح دیتی ہے ۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ موجودہ حالات میں اپوزیشن جماعتوں کا رویہ ملکی مفادات کے منافی ہے ۔ حالات بہتری کی طرف جا رہے ہیں اور مزید بہتر ہوں گے ۔ پنجاب میں امن و عامہ کی صورتحال بہتر ہے ۔
شیخ رشید نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم اور وزیراعظم عمران خان کی حکمت عملی سے معاملے کو بہتر انداز سے سلجھایا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب سمیت ملک میں امن وعامہ کی صورتحال اطمینان بخش ہے ۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ موجودہ حالات میں اپوزیشن جماعتیں ڈیڑھ انچ کی مسجد بنا کر منفی سیاست کر رہی ہیں ۔