دبئی: ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھارت کے خلاف میچ میں اترنے سے قبل ہی افغان سپنر نے افغان شائقین سے اپیل کردی ۔ ان کا کہنا ہے کہ افغان شہری ٹکٹ لے کر ہی گراؤنڈ میں تشریف لائیں ۔
تفصیلات کے مطابق ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں افغانستان کی کرکٹ ٹیم آج بھارت کے خلاف اہم میچ کھیلنے والی ہے ۔ ورلڈ کپ کے اس اہم میچ سے قبل ہی افغان کرکٹ ٹیم کے سپنر راشدخان نے افغان شائقین کرکٹ سے اپیل کی ہے کہ وہ اس اہم میچ کو دیکھنے کے لئے گراؤنڈ میں ضرور آئیں لیکن اس کے لئے ٹکٹ ضرور خریدیں ۔
راشد خان نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ویڈیو پیغام جاری کیا ہے جس میں وہ اپنی زبان میں شائقین کرکٹ سے مخاطب ہیں۔
انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ میں میچ کو لے کر بہت پرجوش ہوں لیکن گزشتہ ہفتے اسٹیڈیم کے حالات دیکھ کر کافی مایوس ہوا تھا۔ افغان کرکٹر نے لکھا کہ اپنے قومی پرچم کو بلند کرنے اور ملک کا سر فخر سے بلند کرنے کے لیے افغان کرکٹ شائقین کو قوانین کا احترام کرنا ہوگا اور میچ دیکھنے کے لیے ٹکٹ خرید کر ہی اسٹیڈیم میں آنا ہوگا۔
یاد رہے کہ 29 اکتوبر کو دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں پاکستان اور افغانستان کے درمیان کھیلے گئے میچ کے دوران متعدد شائقین ٹکٹ کے بغیر پنڈال میں گھس گئے تھے جس کی کئی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھیں ۔