ممبئی: بھارتی اپوزیشن رہنما راہول گاندھی نے کرکٹ ٹیم کے کپتان سے کہا ہے کہ " ٹیم کی حفاظت کرو" ۔ اپوزیشن رہنما کی طرف سے بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی کے نام پیغام ٹاپ ٹرینڈ میں شامل ہوگیا ۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی اپوزیشن رہنما راہول گاندھی بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی کی بیٹی کو ریپ کی دھمکیاں ملنے پر ان کی حمایت میں سامنے آگئے ۔
ویرات کوہلی کی 10 ماہ کی بیٹی وامیکا کو ریپ کی دھمکیاں ملنے پر راہول گاندھی نے ٹوئٹ کی ہے جس میں انہوں نے بھارتی کپتان کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا ڈیئر ویرات، دھمکیاں دینے والوں میں نفرت بھری ہوئی ہے کیونکہ کوئی انہیں محبت دینے کیلئے تیار نہیں ہے۔ ان لوگوں کو معاف کردو اور ٹیم کی حفاظت کرو ۔
راہول گاندھی کی اس ٹوئٹ کے بعد ٹوئٹر پر ’Dear Virat‘ ٹاپ ٹرینڈ میں شامل ہوگیا جس میں صارفین کی بڑی تعداد نے کانگریس رہنما کے بیان کا خیرمقدم کیا اور ویرات انوشکا کے لیے ٹوئٹس کیں۔
یاد رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بھارت کی پاکستان سے ہار کے بعد ہندو انتہا پسندوں نے شکست کا ذمہ دار بھارتی بولر محمد شامی کو ٹھہراتے ہوئے انہیں غدار قرار دیا۔اس کے بعد بھارتی کرکٹ بورڈ اور ویرات کوہلی نے محمد شامی کی حمایت میں ٹوئٹس کیں۔
ویرات کی جانب سے شامی کی حمایت کرنے پر ہندو انتہا پسندوں نے کوہلی اور انوشکا شرما کی بیٹی کو نشانہ بنایا اور ریپ کی دھمکیاں دیں ۔
بھارتی اپوزیشن رہنما کے ویرات کوہلی کے نام ٹویٹ پیغام کو سوشل میڈیا پر سراہا جارہا ہے ۔ سوشل میڈیا کے صارفین نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے وقت میں ہمیں بھارتی ٹیم کو سپورٹ کرنا چاہئے ناں کہ ان کو پرتنقید کے نشتر برسانے چاہئیں ۔