لودھراں: استاد کے تشدد سے کم عمر طالبعلم کی آنکھ ضائع ہوگئی ۔ چارسالہ طالبعلم پر تشدد کرنے والا استاد مفرورہوگیا مقدمہ درج کرلیا گیا ۔
تفصیلات کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ صوبہ پنجاب کے ضلع لودھراں میں پیش آیا ہے جہاں پر ایک مدرسے کے استاد نے چار سالہ طالبعلم پر تشدد کیا ۔
سبق یاد نہ کرنے پر کم عمر بچے پر تشدد کے دوران استاد کی چھڑی بچے کی آنکھ پر لگ گئی جس سے اس کی آنکھ ضائع ہوگئی اور اس کو نظر آنا بند ہوگیا ۔ بچے کی حالت خراب ہوتی دیکھ کر مدرسے کا استاد مفرور ہوگیا ۔
والدین نےمقامی تھانے میں پولیس کو شکایت درج کرائی جس کے بعد پولیس نے مقدمہ درج کرالیا اور مفرور استاد کی تلاش میں چھاپے مارنا شروع کردیئے ہیں ۔
واضح رہے کہ حکومت کی طرف سے " مار نہیں پیار " کی پالیسی کے باوجود کئی مدارس اور سکولوں میں بچوں پر تشدد کے واقعات کا سلسلہ جاری ہے ۔
مذکورہ واقعہ کی تھانہ کہروڑ میں استاد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے والدین کی مدعیت میں درج کی جانے والی ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ رند جادہ میں قائم مدرسے میں ان کا چار سالہ بیٹا تعلیم حاصل کرتا ہے جہاں کے استاد نے سبق یاد نہ کرنے پر تشدد کا نشانہ بنایا ہے۔