’بھارتی ٹیم افغانستان سے بھی ہار جائے گی‘ انضمام الحق اور مشتاق احمد کا دعویٰ

11:04 AM, 3 Nov, 2021

لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز سابق فاسٹ باؤلر شعیب اختر کے بعد سابق ٹیسٹ کرکٹرز انضمام الحق اور مشتاق احمد نے بھی آج افغانستان کے خلاف بھارت کی شکست کی پیش گوئی کر دی ہے۔ 
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے سابق چیف سلیکٹر انضمام الحق نے کہا کہ افغانستان کرکٹ ٹیم بھارت کو شکست دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے مگر ایک بات طے ہے کہ بھارتی ٹیم اب دباؤ میں نہیں بلکہ جارحانہ کرکٹ کھیلے گی۔ 
انضمام الحق نے کہا کہ بھارتی کرکٹ ٹیم پاکستان اور نیوزی لینڈ کے خلاف اہم میچز میں بری طرح ناکام ہو چکی ہے اور آج افغانستان کے خلاف میچ انتہائی اہم ہے، بھارتی ٹیم افغانستان کو پھینٹی لگا دے گی لیکن اگر ایسا نہ ہوا تو پھر اسے مسلسل تیسری شکست سے کوئی روک سکے گا۔ 
اس موقع پر سابق کرکٹر مشتاق احمد نے کہا کہ افغانستان کرکٹ ٹیم کا کمبی نیشن بہت اچھا ہے اور خاص طور پر ان کے سپنرز بہت اچھی فارم میں ہیں، اس لئے افغانستان کے پاس جیتنے کا بہت اچھا موقع ہے۔ 
واضح رہے کہ بھارت اور افغانستان کا آج شام مدمقابل ہوں گی، افغانستان 4 پوائنٹس کے ساتھ گروپ 2 میں دوسرے نمبر پر ہے اور اگر اس نے بھارت کو شکست دیدی تو اس کے سیمی فائنل میں پہنچنے کی راہ ہموار ہوجائے گی۔

مزیدخبریں