نمیبیا کیخلاف بابر اعظم اور محمد رضوان نے انوکھا ریکارڈ بنا لیا

10:05 AM, 3 Nov, 2021

دبئی: ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستان کے کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان کی نمیبیا کے خلاف دھواں دار پرفارمنس ، دونوں نے ٹی ٹوئنٹی میں 5ویں سنچری پارٹنر شپ بنا کر انوکھا ریکارڈ بنا لیا ۔

اس کے علاوہ دونوں کرکٹرز ایک سال میں بطور پارٹنرز ایک ہزار ٹی ٹوئنٹی رنز بنانے والی پہلی جوڑی بن گئے ۔ نمیبیا کے خلاف میچ میں بابر اعظم نے سات چوکوں کی مدد سے 49 گیندوں پر 70 رنز اسکور کیے ، محمد رضوان نے آٹھ چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے 79 رنز بنائے ۔

میچ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے محمد رضوان کا کہنا تھا کہ میں اور بابر ایک دوسرے کو ساتھ لے کر چل رہے ہیں ۔ ہم نے پلان تبدیل کیا اور 190 کے اوپر کا پلان تھا ، جو پلان بنایا اس پر عمل کیا ۔

محمد رضوان نے عزم کا اظہار کیا کہ غیر مستقل مزاج والی ٹیم کو مل کر ٹاپ ٹیم بنائیں گے ۔ اپنے ریکارڈز پر بات کرتے ہوئے  انہوں نے کہا کہ سال میں سب سے زیادہ رنز بنانے پر خوشی ہے ۔ ہمارا ایمان ہے کہ جو ہوتا ہے وہ اللہ کرتا ہے ۔

واضح رہے کہ پاکستانی ٹیم ٹی 20 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پہنچ گئی ہے ۔ گرین شرٹس نے نمیبیا کو 45 رنز سے شکست دے کر مسلسل چوتھی فتح سمیٹی ، شاہینوں کے 189 رنز کے جواب میں مخالف ٹیم صرف 144 رنز بناسکی ۔

پاکستان پانچ بار ورلڈ کپ کے سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرنے والا پہلا ملک بن گیا ، قومی ٹیم کی کامیابی پر ملک بھر میں جشن ، شائقین خوشی سے جھوم اُٹھے ۔

مزیدخبریں