اسلام آ باد: عالمی وبا کے بڑھتے ہوئے کیسز اور دوسری لہر کے خطرے کے پیش نظر قومی اسمبلی اور سینیٹ کی تمام سرگرمیاں معطل کردی گئیں ، قومی اسمبلی اور سینیٹ سیکر ٹریٹ کے دفاتر کو تین دن کے لئے بند کر دیا گیا ، پارلیمانی کمیٹیوں، پبلک اکائونٹس کمیٹی ،دونوں ایوانوں کی قائمہ کمیٹیوں ، خصوصی کمیٹیوں ، فنکشنل کمیٹیوں کے اجلاس 9نومبر تک ملتوی کرد ئیے گئے اور 9نومبر سے صرف ضرور ی سٹاف کو دفاتر میں بلایا جائے گا۔
قومی اسمبلی سیکرٹیریٹ کی جانب سے جاری کئے گئے نو ٹیفیکیشن کے مطابق عالمی وباکے بڑھتے ہوئے کیسز کے باعت قومی اسمبلی کی تمام سرگرمیاں معطل کر دی گئیں اور عالمی وبا کے ممکنہ پھیلاؤ کو روکنے کے لیے قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کے دفاتر کو تین دن کے لیے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، نوٹیفیکیشن کے مطا بق قومی اسمبلی کی قائمہ،پبلک اکاؤنٹس اور خصوصی کمیٹیوں کے 9 نومبر تک ہونے والے اجلاس منسوخ کر دئیے گئے اور دفاتر کو 6 نومبر 2020 تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
قومی اسمبلی کی جانب سے سی ڈی اے کو جراثیم کش ادویات سے تمام دفاتر کو ڈس انفیکٹ کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے اور عملہ کو عالمی وبا کی علامات کی صورت میں فوری ٹیسٹ کرانے کی ہدایات کی گئی ہیں جبکہ سینیٹ سیکرٹیریٹ کی جانب سے جاری کئے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق عالمی وبا کے بڑھتے ہوئے کیسز اور دوسری لہر کے باعث پارلیمانی کمیٹیوں، سینیٹ کی قائمہ کمیٹیوں ، خصوصی کمیٹیوں ، فنکشنل کمیٹیوں کے اجلاس 4نومبر سے 9نومبر تک ملتو ی کردئیے گئے ہیں، سینیٹ سیکرٹریٹ کے تمام دفاتر کو تین دن تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔