راولپنڈٰؒی: جنگی جنون میں مبتلا بھارتی فوج نے ایک بار پھر سے لائن آف کنٹرول پر فائرنگ شروع کر دی ہے جس کے نیتجے میں 45 سالہ شہری زخمی ہو گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق جنگی جنون میں مبتلا بھارتی فوج نے عالمی قوانین کی دھجیاں بکھیرتے ہوئے لائن آف کنڑول پر باگسر سیکٹر پر شہری آبادی کو نشانہ بنایا۔
بھارتی فائرنگ کی وجہ سے 45 سالہ شہری زخمی ہو گیا جس کو طبی امداد کیلئے قریبی اسپتال میں منتقل کر دیا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے جوانوں نے بھارتی فورسز کی اشتعال انگیزیوں کا منہ توڑ جواب دیا اور بھارتی چیک پوسٹوں کو بھی نشانہ بنایا۔
خیال رہے کہ 29 ستمبر کو بھی باروہ اور تندر سیکٹر میں بھارتی فوج کی جانب سے شہری آبادی کو نشانہ بنایا تھا۔ بھارت فوج کی بلااشتعال فائرنگ سے 4 شہری زخمی ہو گئے تھے۔ فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں سپاہی شفیق وطن کی راہ میں شہید ہو گئے تھے۔
9 ستمبر کو بھارتی فوج نے بیدوری سیکٹر پر پاک فوج کی چوکیوں اور شہری آبادی کو نشانہ بنایا تھا۔ فائرنگ کے تبادلے میں حولدار لیاقت شہید ہو گیا جن کا تعلق پنجاب کے ضلع چکوال سے تھا۔
خیال رہے گزشتہ مہینوں سے بھارتی فوج کی جانب سے ایل او سی پر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزیاں بڑھ گئی ہیں اور مسلسل شہری آبادی کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔ شہری آبادی پر بلااشتعال فائرنگ کے باعث کئی شہری اور جوان شہید و زخمی ہو چکے ہیں۔