ٹوائلٹ میں ٹائمر لگانے پر چینی کمپنی مشکل میں پھنس گئی 

04:18 PM, 3 Nov, 2020

بیجنگ: ٹوائلٹس میں ملازمین کے وقت کو قابو کرنے کے لیے سینسر اور ٹائمز لگانے پر چینی کمپنی شدید تنقید کا شکار ہوگئی ۔ تاہم کمپنی کی انتظامیہ کا کہناہے کہ وہ چاہتے ہیں کہ ملازمین اپنے کام اور پیداوار میں اضافے کی وجہ بنیں نہ کہ ٹوائلٹس میں فالتو بیٹھے رہیں ۔ 

بیجنگ میں واقع ٹیکنالوجی کمپنی قوائی شو نے اپنی کمپنی میں ملازمین کے ٹوائلٹ میں ڈیجیٹیل ٹائمر اور سینسر لگائے ہیں ۔ کمپنی حکام کا کہنا ہے کہ  جیسے ہی کوئی ٹوائلٹ میں جاتا ہے سینسر اسے محسوس کرکے ٹائمر چلاتے ہیں ۔ 

اس عجیب و غریب اقدام کی ویڈیو اور تصاویر پر سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد  طویل بحث چھڑ گئی ہے ۔  سوشل میڈیا یوزرز کا کہناکہ کمپنی کے مالکان لالچی ہیں ، وہ منافع کی خاطر ملازمین کو نچوڑنا چاہتے ہیں ۔ 

کئی افراد نے تو اسے انسانی حقوق کی سخت ترین خلاف ورزی بھی قرار دیا ہے ۔ لیکن کچھ لوگوں کا کہنا ہے کہ کمپنی بے بالکل ٹھیک کیا ہے ۔ کیونکہ ایسے افراد کی کمی نہیں ہے جو ٹوائلٹ میں سگریٹ یا پھر فون پر مصروف رہتے ہیں ۔ 

تاہم تنقید کے بعد کمپنی کے مالکان نے کہا ہے کہ وہ ٹوائلٹس جانے یا اس میں بیٹھنے پر پابندی نہیں لگا رہے بلکہ ٹوائلٹس کم ہونے کی وجہ سے یہ کام کررہے ہیں ۔ تاکہ ٹوائلٹ استعمال کرنے والوں کو معلوم ہو کہ باہر بھی ان کے انتظار میں دوسرے ساتھی کھڑے ہیں ۔ 

کمپنی حکام کا کہناہے کہ عمارت کے ڈیزائن کی وجہ سے وہ مزید ٹوائلٹس بنا نہیں سکتے ۔ اس لیے ہمیں مجبوراََ ایسا کرنا پڑ رہاہے ۔

مزیدخبریں