لاہور: صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال گزشتہ دنوں کورونا وائرس میں مبتلا ہو گئے تھے۔ انہوں نے احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے خود کو قرنطینہ کر لیا تھا۔ تاہم اب ان کا ٹیسٹ نیگیٹو آ گیا ہے۔
صحتیابی کے بعد صوبائی وزیر نے سرکاری امور کی انجام دہی شروع کر دی ہے۔ انہوں نے گزشتہ روز اپنے صوبائی حلقے کا دورہ کیا اور لوگوں کے دکھ درد میں شریک ہوئے۔ اسلم اقبال نے اپنے حلقے کے مختلف علاقوں میں سوگوار خاندانوں سے ان کے پیاروں کے انتقال پر اظہار تعزیت اور مرحومین کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ اس نے مجھے کورونا وائرس کی بیماری سے شفا دی۔ صحت کے لئے دعائیں کرنے والوں کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں۔ میں نے عوام کی خدمت کا سفر پھر سے شروع کر دیا ہے۔ عوام کی تکالیف کے ازالے اور مسائل کے حل کیلئے ان کے پاس پہنچوں گا۔ عوام کی خدمت عبادت کا درجہ رکھتی ہے۔ عوام کے ساتھ کھڑا ہوں۔ کسی صورت عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔
خیال رہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان سردار جام کمال اور صوبائی وزیر خزانہ ظہور بلیدی بھی کورونا وائرس میں مبتلا ہوگئے تھے۔ اس سے قبل بھی متعدد سیاستدان اور اہم شخصیات کورونا وائرس کا شکار ہو چکے ہیں۔ ان میں وزیر تعلیم سندھ سعید غنی، فیصل ایدھی، سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، گورنر سندھ عمران اسماعیل، رکن صوبائی اسمبلی عبدالسلام آفریدی اور دیگر شامل ہیں۔