اسلام آباد: وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں دہشت گردانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے آسٹریا کی حکومت اور عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا ہے۔
اپنے بیان میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ آسٹریا کے شہر ویانا میں دہشت گردی کا واقعہ افسوسناک ہے۔ واقعہ کے نتیجے میں جانی نقصان پر دکھ اور افسوس ہے۔پاکستان ہر طرح کی دہشت گردی کی بھرپور مذمت کرتا ہے۔ اس صورتحال میں آسٹریوی حکومت اور عوام کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی کرتے ہیں۔
خیال رہے کہ وزیر خارجہ نے گزشتہ روز فن لینڈ کے ہم منصب پیکا ہاوسٹو سے ٹیلیفونک رابطہ کیا تھا۔ ٹیلی فون پر بات چیت کے دوران افغان امن عمل سمیت خطے میں امن وامان کی صورتحال کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان، افغان امن عمل سمیت خطے میں قیام امن کیلئے خلوص نیت کے ساتھ مصالحانہ کاوشیں بروئے کار لا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان شروع سے کہتے چلے آ رہے ہیں کہ افغان مسئلے کا واحد حل، افغان قیادت میں افغانوں کو قابلِ قبول مذاکرات ہیں۔ دوحہ میں بین الافغان مذاکرات کا انعقاد، افغانستان میں قیام امن کیلئے انتہائی خوش آئند پیش رفت ہے۔ افغان قیادت کو اس سنہری موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ان مذاکرات کو منطقی انجام تک پہنچانا چاہیے۔
وزیر خارجہ نے رواں ماہ کے آخر پر، جنیوا میں، فن لینڈ، اقوام متحدہ اور افغانستان کے باہمی اشتراک سے منعقد ہونیوالی کانفرنس کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے، اسے افغانستان میں دیرپا امن اور استحکام کیلئے اہم قرار دیا۔ وزیر خارجہ نے افغانستان کے حوالے سے جنیوا میں منعقدہ کانفرنس میں شرکت کیلئے مدعو کرنے پر فن لینڈ کے وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔
شاہ محمود قریشی نے توقع ظاہر کی کہ اس کانفرنس میں افغان مہاجرین کی باعزت وطن واپسی کے حوالے سے لائحہ عمل کو بھی زیرِ بحث لایا جائے گا۔دونوں وزرائے خارجہ نے افعان امن عمل سمیت خطے میں امن و استحکام کیلئے باہمی مشاورتی سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔