میں وزیراعظم کا سپاہی ہوں، کرپشن اور لوٹ مار کی"منجی ٹھونکتا" رہوں گا: فیاض الحسن چوہان

11:21 AM, 3 Nov, 2020

لاہور: فیاض الحسن چوہان نے صوبائی وزیر اطلاعات کے منصب سے ہٹائے جانے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ جو کچھ ہوتا ہے اچھے کے لیے ہوتا ہے، یہ ہم سب کا اللہ پر ایمان ہے۔ وزارت کی واپسی پر سب سے زیادہ خوشی انڈین را، مکس اچار پارٹی اور خصوصاً ن لیگ کو ہوئی۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے بیان میں فیاض الحسن چوہان نے لکھا کہ خاطر جمع رکھیں، میں وزیراعظم کا سپاہی ہوں، آپ کی کرپشن اور لوٹ مار کی منجی ٹھونکتا رہوں گا۔ پاکستان زندہ باد۔ خیال رہے کہ فیاض الحسن چوہان کو گزشتہ روز صوبائی وزیر اطلاعات کے عہدے سے ہٹا کر ان کی جگہ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کو تعینات کر دیا گیا تھا۔

ذرائع کے مطابق فیاض الحسن چوہان کی جگہ پنجاب میں فردوس عاشق اعوان کو اپوزیشن خواتین ترجمان کے مقابلے میں میدان میں اتارا گیا ہے۔ چند روز قبل ان کی گورنر پنجاب سمیت اعلیٰ حکومتی شخصیات سے ملاقات بھی ہوئی تھی۔

اس کے علاوہ فیاض الحسن چوہان کو عہدے ہٹانے کی ایک بڑی وجہ تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سوشل میڈیا میں مداخلت بھی بنی۔ سوشل میڈیا میں ان کی مداخلت زیادہ ہونے پر بھی اعتراضات اٹھائے گئے تھے۔ سوشل میڈیا ٹیم میں فیاض الحسن چوہان اپنے لوگ ایڈجسٹ کرنا چاہتے تھے۔

سیف اللہ نیازی کی جانب سے بھی سابق وزیر اطلاعات کیخلاف شکایات کی گئیں۔ ذرائع نے یہ بھی کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے بجائے اپنی پروجیکشن بھی سابق وزیر اطلاعات کو مہنگی پڑی۔ فیاض چوہان حکومت کی کم اور اپنی پروجیکشن زیادہ کرتے ہیں۔ سابق وزیر اطلاعات کے حوالے سے کابینہ کے سیئنر وزرا بھی تحفظات رکھتے تھے۔

واضح رہے کہ فیاض الحسن چوہان سے جب صحافیوں نے سوال پوچھا کہ کیا آپ کو عہدے سے فارغ کر دیا گیا ہے جس پر انہوں نے کہا تھا کہ اس بات کا مجھے معلوم نہیں ہے۔ اس سے قبل یہ خبریں سوشل میڈیا پر وائرل تھیں جس میں یہ کہا گیا تھا کہ فردوس عاشق اعوان پھر سے وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات کی ذمہ داریاں نبھانے کی خواہش مند تھیں تاہم وزیراعظم نے انہیں پنجاب میں یہ ذمہ داری ادا کرنے کے لیے قائل کیا تھا۔

مزیدخبریں