لاہور: کورونا وائرس کی وبا نے ایک بار پھر پاکستان میں پنجے گاڑنا شروع کر دیئے ہیں۔ اس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ اموات اور کیسوں کی تعداد میں روز بروز اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر اس موذی مرض سے بچنا ہے تو احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔
ایک اندازے کے مطابق ملک میں کورونا کی دوسری لہر کی وجہ سے یومیہ نئے کیسز کی شرح پچھلے دو ماہ کی نسبت 4 فیصد بڑھ گئی ہے۔ صرف ایک دن میں ایک ہزار 167 نئے کیسز سامنے آ چکے ہیں۔ حالیہ اضافے کیساتھ متاثرین کی مجموعی تعداد 3 لاکھ، 36 ہزار، 260 تک جا پہنچی ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹے میں مزید 14 افراد جاں بحق ہونے کے بعد اموات کی تعداد 6 ہزار، 849 ہو گئی ہے جبکہ فعال کیسز 13 ہزار 965 ہیں۔ ان میں سے 879 مریض ہسپتالوں میں زیر علاج اور 119 وینٹی لیٹرز پر ہیں۔ ادھر پنجاب میں 830 جبکہ صرف لاہور کے 435 مقامات سیل کئے گئے ہیں۔ بہاولپور 37، فیصل آباد اور بھکر 35، گجرات کے 29 اور سرگودھا کے 24 اور ڈیرہ غازی خان کے 17 مقام مائیکرو سمارٹ لاک ڈائون کے تحت سیل کر دیئ گئے ییں۔ گلگت کے ضلع غذر میں 8، ایبٹ آباد میں 4 سکولوں کو بند کر دیا گیا ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے کورونا وائرس کی وبا کی دوسری لہر کے تناظر میں تمام کاروباری مراکز شادی ہالز، ریستوران اور شاپنگ مال کو روزانہ رات دس بجے تک بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس فیصلے کا مقصد ملک میں پہلے سے بڑھتی ہوئی کورونا وائرس کی وبا کو روکنا ہے۔ ضروری خدمات جیسے میڈیکل سٹورز کلینک اور ہسپتال کھلے رہیں گے جبکہ عوامی پارک شام چھ بجے تک بند کرنے کیلئے کہا گیا ہے۔
این سی او سی نے صوبوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ بازاروں ، شاپنگ مال ، پبلک ٹرانسپورٹ اور ریستورانوں میں منہ ڈھانپنے اور دوسرے قواعد و ضوابط پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔این سی او سی نے فیصلہ کیا ہے کہ سرکاری اور نجی دفاتر میں ماسک سے چہرہ ڈھانپنا لازمی ہوگا۔ اِن فیصلوں پر آج سے کراچی، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، ملتان، حیدر آباد، گلگت، مظفر آباد، میرپور، پشاور اور کوئٹہ جیسے شہروں میں عملدآمد کیا جائے گا۔
ادھر دنیا میں بھی کورونا کی دوسری لہر نے شدت اختیار کر لی ہے۔ عالمی سطح پر ضروری اقدامات کا سلسلہ جاری ہے۔ یورپ کے کئی ممالک دوبارہ لاک ڈاؤن پر مجبور ہیں۔ دنیا میں اب تک متاثرہ افراد کی تعداد چار کروڑ 73 لاکھ 19 ہزار سے زائد ہو چکی ہے جبکہ ہلاکتوں کی تعداد بارہ لاکھ 11 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔ اس وقت فعال کیسز کی تعداد ایک کروڑ 20 لاکھ 74 ہزار سے زیادہ ہے۔
امریکا میں 88 ہزار 905 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرین کی تعداد 95 لاکھ 67 ہزار سے بڑھ گئی۔ ہلاکتوں کی تعداد 2 لاکھ 37 ہزار ہے۔ بھارت میں کیسز کی تعداد 82 لاکھ 66 ہزار 914 ہے۔