ایف بی آر نے رواں مالی سال جولائی تا اکتوبر 1400 ارب گراس ریونیو حاصل کیا

The FBR collected Rs 1,400 billion in gross revenue from July to October this financial year
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے رواں مالی سال 1337 ارب روپے کا نیٹ ریونیو حاصل کیا ہے جبکہ پچھلے سال ان چار ماہ جولائی تا اکتوبر 1288 ارب رو پے نیٹ ریونیو حاصل کیا گیا تھا۔

ایف بی آر کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق انکم ٹیکس کی مد میں 470 ارب روپے حاصل ہوئے۔ سیلز ٹیکس سے حاصل کردہ ریونیو 643 ارب، فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی 81 ارب اور کسٹمز ڈیوٹی 206 ارب رہا۔ ایف بی آر نے مالی سال کے پہلے چار ماہ میں گراس ریونیو 1400 ارب روپے اکٹھا کیا جو کہ پچھلے مالی سال کے پہلے چار ماہ میں1323 ارب روپے تھا۔

اس طرح اس سال جولائی تا اکتوبر 77 ارب روپے گراس ریونیومیں اضافہ حاصل ہوا ہے۔ ماہ اکتوبر میں محاصل کی مد میں 333 ارب روپے حاصل ہوئے جو کہ پچھلے سال 325 ارب روپے تھے۔ رواں مالی سال جولائی تا اکتوبر128 ارب روپے کے ریفنڈز جاری ہوئے ہیں جبکہ پچھلے سال جاری کردہ ریفنڈز 52 ارب روپے کے تھے۔

ماہ اکتوبر میں 15 ارب کے ریفنڈز جاری ہوئے ہیں جو کہ پچھلے سال اکتوبر میں 4.5 ارب تھے۔ ریفنڈز میں اضافہ کے باوجود ایف بی آر نے اس سال اکتوبر میں پچھلے سال اکتوبر کے محاصل کے مقابلہ میں زائد ریونیو حاصل کیا ہے۔ ریفنڈز اضافہ کی بدولت معاشی سرگرمیوں میں بہتری آئی ہے۔

کورونا وبا کے باعث معیشت کی سست روی اور حکومت کا فنانس ایکٹ 2020ء میں ٹیکسز اور ڈیوٹیز کی مد میں خاطر خواہ ٹیکس ریلیف دینے کے باعث درآمدی سطح پر 2 فیصد ریونیو میں کمی کے باوجود ایف بی آر نے قابل تحسین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور مقامی وصولیوں میں 13 فیصد اضافہ حاصل کیا ہے جو کہ ٹیکس گزاروں کا حکومت کے ریونیو اقدامات پر اعتماد کی عکاسی بھی کرتا ہے۔

رواں مالی سال کے پہلے چار ماہ میں سمگل شدہ اشیاءجن کی مالیت 21.48 ارب روپے ہے ضبط کی گئی ہیں جبکہ پچھلے سال پہلے چار ماہ میں 13.40 ارب روپے مالیت کی اشیاءضبط ہوئی تھی۔ ایف بی آر تجارتی آسانی کی فراہمی کے لئے آٹومیشن، ای آڈٹ اور طریقہ کار سہل بنانے کے لئے ہمہ وقت کوشاں ہے۔

ایف بی آرنے کرپشن، ہراسانی اور اختیارات کے غلط استعمال کے تدارک کے لئے موثر اقدامات اٹھائے ہیں۔رواں ٹیکس سال تاجروں کی آسانی کے لئے انکم ٹیکس گوشوارے نہایت آسان اور ایک صفحہ پر مشتمل متعارف کرائے گئے ہیں۔ مزید براں تاجروں اور تنخواہ دار طبقہ کے لئے اردو اور علاقائی زبانوں میں بھی ٹیکس گوشوارے اپلوڈ کر دیئے گئے ہیں۔ ایف بی آر نے ٹیکس گزاروں سے اپیل کی ہے کہ وہ ان سہولیات سے فائدہ اٹھائیں اور اپنے سالانہ انکم ٹیکس گوشوارے 8 دسمبر 2020ء تک جمع کرا لیں۔