انتخابی مہم کے دوران ٹرمپ حامیوں کی طرف سے ہراسانی کا واقعہ، جوبائیڈن کی مذمت

08:43 AM, 3 Nov, 2020

واشنگٹن: امریکا کے ڈیموکریٹ صدارتی امیدوار جوبائیڈن نے ریاست ٹیکساس میں انتخابی مہم کے دوران ان کی بس پر مبینہ طور پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حامیوں کی طرف سے ہراسانی کے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے امریکی صدر پر تنقید کی کہ امریکی تاریخ میں کبھی بھی ایسا صدر نہیں گزرا جس نے ایسے واقعات کی حوصلہ افزائی کی ہو۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق ٹویٹر پرشیئرکی گئی ایک وڈیو میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حامیوں نے ڈیموکریٹ امیدوار جوبائیڈن کی انتخابی مہم کے دوران ٹیکساس شاہراہ سے گزرنے والی بس کو ہراساں کرنے کی کوشش کی اور اس دوران بس کے گرد ٹرمپ کے پرچم لہرائے اور بس کو گھیرے میں لے لیا۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی ٹویٹر پر ایک وڈیو شیئر کی جس میں انہوں نے ٹیکساس سے محبت کا اظہار کیا ہے۔ جس پر ڈیموکریٹ امیدوار جوبائیڈن نے گزشتہ روز ریاست پنسلوانیا کے شہر فلاڈلفیا میں انتخابی ریلی کے دوران جمعہ کو ہونے والے ٹیکساس شاہراہ واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے کبھی ایسا نہیں کیا بلکہ اس ملک میں کبھی بھی ایسا صدر نہیں گزرا جس نے ایسے واقعات کی حمایت کی ہو یا یہ ایسا سوچا ہو کہ یہ اچھی چیز ہے لہذا ہم ان سے کئی گنا اچھے اور بہتر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ امریکی صدر کے بیٹے ڈونلڈ ٹرمپ جونیئر نے ایک ایسی وڈیو بنائی جس میں وہ ایسا کرنے پر اپنے حامیوں کی حوصلہ افزائی کر رہے ہیں ۔ اس حوالے سے امریکی ایف بی آئی نے کہا ہے کہ وہ واقعہ کی تحقیقات کر رہے ہیں لیکن انہوں نے مزید تفصیلات نہیں بتائیں۔

مزیدخبریں