کراچی:شہر قائد کے علاقے قائد آباد میں وائی فائی کا پاس ورڈ (خفیہ کوڈ) چرانے کے معاملے پر ایک شخص نے باپ اور بیٹے کو فائرنگ کر کے قتل کردیا۔
قائد آباد کے رہائشی قاسم نامی شخص نے ڈیڑھ ماہ قبل ہونے والے جھگڑے کے بعد مقتول فاروق کے چھوٹے بیٹے عنان کو وائی فائی پاسورڈ چوری کرنے پر قتل کی دھمکی دی تھی۔
لواحقین کے مطابق مقتول فاروق نے قاسم کے خلاف مقدمہ درج کرایا تھا جس کے بعد سے ملزم فرار تھا۔ اہل خانہ نے الزام عائد کیا ہے کہ مقتول باپ اور بیٹے حارث کو قتل کرنے میں قاسم کا ہی ہاتھ ہے۔
پولیس حکام کے مطابق فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے نوجوان کی شناخت حارث کے نام سے ہوئی جو جامعہ کراچی میں بی اے کا طالب علم ہے جبکہ اس کا مقتول والد فاروق ایک فیکٹری میں ملازمت کرتا تھا۔