اسٹیل ملز ملازمیں کی تنخواہوں کی ادائیگی کیلئے سمری ای سی سی کو ارسال

اسٹیل ملز ملازمیں کی تنخواہوں کی ادائیگی کیلئے سمری ای سی سی کو ارسال
کیپشن: فوٹو فائل

اسلام آباد: تنخواہوں سے محروم اسٹیل ملز کے ملازمین کے لیے خوشخبری ہے کہ اُن کی تنخواہوں کی ادائیگی کے لیے سمری ای سی سی کو ارسال کر دی گئی ہے۔


اسٹلیل ملز کے ملازمین دو ماہ کی تنخواہوں سے محروم ہیں اور دو روز قبل ہی حکومت نے دیگر اداروں کے ساتھ ساتھ اسٹیل ملز کی نجکاری نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اسٹیل ملز کے ملازمین کو ایک ماہ کی تنخواہ کی ادائیگی کے لئے سمری ای سی سی کو بھجوا دی گئی ہے۔وزارتِ نجکاری نے اسٹیل ملز کے ملازمین کو ماہ ستمبر کی تنخواہ کی ادائیگی کیلئے سمری ای سی سی کو ارسال کی ہے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ سمری ای سی سی کے آئندہ اجلاس میں منظوری کیلئے پیش کئے جانے کا امکان ہے۔اسٹیل ملز کے ساڑھے 10 ہزار ملازمین کو ایک ماہ کی تنخواہ کی مد میں 37 کروڑ 50 لاکھ روپے ادا کئے جائیں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ای سی سی کو واجبات کی ادائیگی کے لئے ایک ارب روپے ادا کرنے کی بھی سفارش بھی کی گئی ہے۔حکومتی ذرائع کے مطابق وفات پانے والے ملازمین کے لواحقین کو واجبات ادا کئے جائیں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اسٹیل ملز کے ریٹائرڈ ساڑھے 4 ہزار ملازمین گریجویٹی، پراویڈنٹ فنڈ سے محروم ہیں، سال 2013 سے 2018 تک ملازمین کے بقایا جات 15 ارب روپے بنتے ہیں۔دوسری جانب حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان اسٹیل ملز کی بحالی کا جائزہ لیا جا رہا ہے، ڈیڑھ ماہ میں اسٹیل ملز کو چلانے کا پلان پیش کیا جائے گا۔