اکوڑہ خٹک میں مولانا سمیع الحق کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی

03:33 PM, 3 Nov, 2018

نوشہرہ: جمعیت علمائے اسلام (س) کے سربراہ مولانا سمیع الحق کی نماز جنازہ نوشہرہ کے علاقے اکوڑہ خٹک کے خوشحال خان ڈگری کالج میں ادا کی گی جبکہ ان کی تدفین جامعہ حقانیہ کے احاطے میں ہو گی۔

مولانا سمیع الحق کی نماز جنازہ ان کے بیٹے حامد الحق نے پڑھائی۔ مولانا کی نماز جنازہ میں ملک بھر سے سیاسی و مذہبی قائدین نے شرکت کی۔

اس موقع پر ان کی رہائش گاہ اور اطراف میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ گیٹ پر واک تھرو گیٹ لگا دیئے گئے ہیں اور رہائش گاہ کے اندر جانے والوں کی جامہ تلاشی لی جا رہی ہے۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ خیبر پختونخواہ کی ہدایت پر صوبے بھر میں ایک روزہ سوگ کے اعلان کے بعد تمام سرکاری عمارتوں پرپرچم سرنگوں ہے۔

واضح رہے کہ مولانا سمیع الحق کو گزشتہ روز راولپنڈی میں ان کے گھر پر چاقوؤں کے وار کر کے قتل کر دیا گیا تھا۔

                                   

ان کے صاحبزادے مولانا حامد الحق کا کہنا تھا کہ والد گھر پر آرام کر رہے تھے جبکہ ڈرائیور اور گن مین گھر سے باہر گئے ہوئے تھے اور جب وہ واپس آئے تو مولانا کو بستر پر خون میں لت پت پایا۔

مزیدخبریں