قومی ٹی 20کپ میں شرکت کی وجہ سے سرفراز احمد کا کھلناٹائٹنز کیساتھ معاہدہ ختم

04:14 PM, 3 Nov, 2017

 کراچی : پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے نیشنل ٹی 20 کپ میں شرکت کی ہدایت کے باعث قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا بنگلہ دیش پریمیئر لیگ (بی پی ایل)کی فرنچائز کھلنا ٹائٹنز کیساتھ معاہدہ ختم ہو گیا ہے جبکہ کئی دیگر پاکستانی کھلاڑیوں کے بڑی رقم سے محروم ہونے کا خدشہ بھی پیدا ہو چکا ہے۔بی پی ایل کا پانچویں ایڈیشن 4 نومبر سے شروع ہوگا جو 12 دسمبر تک جاری رہے گا۔ اس ٹورنامنٹ میں 7 ٹیمیں مدمقابل ہوں گے جبکہ پاکستان کے تقریبا 20 سے زائد کھلاڑی بھی اس لیگ کا حصہ ہیں جنہیں مختلف ٹیموں کی جانب سے خریدا گیا ہے مگر ان کی ٹورنامنٹ میں شرکت مشکوک ہو گئی ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے سنٹرل کنٹریکٹ میں شامل کھلاڑیوں کو نیشنل ٹی 20 ٹورنامنٹ میں شریک ہونے کا کہا ہے جو11نومبر سے شروع ہو گا اور سنٹرل کنٹریکٹ میں شامل ایسے کھلاڑی جن کا بی پی ایل سے معاہدہ ہے، انہیں 17نومبر کے بعد بی پی ایل میں شرکت کی اجازت ہو گی تاہم اگر ویسٹ انڈیز نے دورہ پاکستان کا اعلان کر دیا تو پھر یہ کھلاڑی شاید بنگلہ دیش جا ہی نہ سکیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بی پی ایل فرنچائز کھلنا ٹائٹنز نے سرفراز احمد کیساتھ معاہدہ ختم کر دیا ہے۔ سرفراز احمد اب اپنے شیڈول کے مطابق کسی دوسری فرنچائز سے بات چیت کریں گے جبکہ دیگر کھلاڑیوں کو بھی اسی صورتحال کا سامنا ہے۔ بی پی ایل ٹیم کومیلا وکٹورینز نے شعیب ملک، رومان رئیس، حسن علی، عمران خان جونیئر اور فہیم اشرف کو خرید رکھا ہے جن میں سے چار کھلاڑی پاکستان کرکٹ ٹیم کے مستقل ممبر ہیں اور صرف عمران خان جونیئر ہی ایسے کھلاڑی ہیں جو بی پی ایل کھیلنے کیلئے دستیاب ہوں گے۔ راج شاہی کنگز نے محمد سمیع، اسامہ میر اور رضا علی ڈار کے ساتھ معاہدہ کر رہا ہے اور یہ تینوں کھلاڑی نیشنل ٹی 20 کپ کے بعد ہی بی پی ایل میں شریک ہوں گے۔

چٹاگانگ وائکنگز نے مصباح الحق اور یاسر عرفات کیساتھ معاہدہ کر رکھا ہے اور یہ دونوں کھلاڑی ہی دستیاب ہوں گے۔ڈھاکہ ڈائنامائٹس نے شاہد آفریدی، محمد عامر اور شاہین آفریدی کیساتھ معاہدہ کر رہے ہیں جن میں سے صرف شاہد آفریدی ہی مکمل لیگ کھیلنے کیلئے دستیاب ہوں گے۔ بابر اعظم، عثمان شنواری اور فخرزمان، کا معادہ سلہٹ سکسرز کیساتھ ہے اور یہ تینوں کھلاڑی بی پی ایل کے ابتدائی میچوں میں شریک نہیں ہو سکیں گے۔

مزیدخبریں