قاہرہ: عرب میڈیا کے مطابق ایک مصری ٹیلی ویژن میزبان کو اپنے پروگرام کے دوران شادی کے بغیر حاملہ بننے کے طریقے بتانے کے الزام میں تین سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔ النہار ٹی وی کے لیے کام کرنے والی دعا صلاح نے ناظرین سے پوچھا تھا کہ کیا انھوں نے شادی کے بغیر سیکس کے بارے میں سوچا ہے؟ اس کے علاوہ انھوں نے مشورہ دیا تھا کہ عورتوں کو مختصر عرصے کے لیے شادی کرنی چاہیے اور بچے پیدا ہونے کے بعد طلاق لے لینی چاہیے۔ انھیں عوام کا اخلاق خراب کرنے کا مجرم قرار دیا گیا ہے۔ تین برس قید کے علاوہ ان پر دس ہزار مصری پاؤنڈ جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔
خبر رساں ادارے ای ایف ای کے مطابق حکام کا کہنا ہے کہ ان کے پروگرام سے مصری زندگی کے ڈھانچے کو نقصان پہنچا ہے۔ مصری معاشرے میں شادی کے بغیر سیکس کو بڑی حد تک ناقابلِ قبول سمجھا جاتا ہے۔ دعا صلاح نے اپنے پروگرام میں کہا تھا کہ عورت کو چاہیے کہ وہ شوہر کو مختصر عرصے کے لیے شادی کرنے کا معاوضہ دے۔
انھوں نے یہ بھی کہا کہ سپرم کا عطیہ مغربی ملکوں میں قابلِ قبول ہے لیکن مصر میں نہیں۔ پروگرام نشر ہونے کے بعد انھیں تین ماہ کے لئے معطل کر دیا گیا تھا جس کے بعد ان پر مقدمہ چلایا گیا۔ ٹیلی ویژن میزبان سزا کے خلاف اپیل بھی کر سکتی ہیں۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں