راولپنڈی : پی ٹی آئی کے رہنما علی محمد خان نے کہا ہے کہ ڈیل نہیں بلکہ مذاکرات ہوں گے اور یہ مذاکرات عمران خان اور دیگر قیدیوں کی رہائی کیلئے ہوں گے۔
عمران خان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں علی محمد خان نے کہا کہ عمران خان کے ساتھ کھڑے رہنے والوں کو مسائل سہنے پڑ رہے ہیں، کسی سے بھی بات کرنے کے لیے تیار ہیں،ڈیل اور مذاکرات میں فرق ہے، ہم نے کسی سے ڈیل نہیں کرنی، ہمارے مذاکرات بانی پی ٹی آئی اور دیگراسیران کی رہائی کے لیے ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی سے مذاکرات کے لیے دلوں سے بغض نکالنا ہوگا،ہم مذاکرات کے لیے تیار ہیں ،چاہے وہ سیاسی قوتیں ہوں یا دیگر قوتیں۔
انہوں نےکہا کہ الیکشن کمیشن کو پی ٹی آئی کا مینڈیٹ واپس کرنا پڑے گا، پی ٹی آئی کو سیاست کرنے دی جائے ہم سب سے بڑی جماعت ہیں، چیف جسٹس سے گزارش ہے کہ الیکشن کرانا اہم نہیں صاف و شفاف الیکشن اہم تھے، درخواست ہے کہ اس دھاندلی زدہ الیکشن پر ازخود نوٹس لیں۔