حکومت کا پیر سے گندم خریداری شروع کرنے کا فیصلہ

05:04 PM, 3 May, 2024

نیوویب ڈیسک

کوئٹہ : بلوچستان میں پیر سے گندم کی خریداری شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے اور حکومت بلوچستان رواں سال کسانوں سے 5 لاکھ ٹن گندم خریدے گی۔

کوئٹہ میں وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کی زیر صدارت محکمہ خوراک کا اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا۔اجلاس میں گندم خریداری پالیسی اینڈ پلان 2024 کا جائزہ لیا گیا۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان نے بتایا کہ گندم کی خریداری کے لیے ڈھائی ارب روپے پیر کو جاری کر دیے جائیں گے، باقی ڈھائی ارب روپے بھی رواں ماہ جاری کیے جائیں گے۔ کسانوں کو ریلیف دینا چاہتے ہیں، محکمہ خوراک سے بدعنوانیوں کا خاتمہ کرکے شفافیت لائیں گے۔

واضح رہے کہ ملک بالخصوص پنجاب میں ان دنوں حکومت کی جانب سے کسانوں سے گندم نہ خریدے جانے کے باعث کسان سراپا احتجاج ہیں۔29 اپریل کو گندم خریداری کے حوالے سے مسائل کے خلاف کسانوں کی جانب سے پنجاب اسمبلی کے باہر احتجاج کے اعلان کے بعد کسان بورڈ کے صدر رشید منہالہ سمیت 30 سے زائد کسانوں کو گرفتار کرلیا گیا تھا۔

کسانوں کے احتجاج اور اپنے دعوے کے کئی روز بعد حکومت پنجاب گندم کی خریداری پر واضح پالیسی نہیں دے سکی ہے۔ حکومتی اراکین کی جانب سے گندم کے اس بحران کا ذمہ دار نگران حکومت کی جانب سے ضرورت سے زیادہ گندم درآمد کرنے کو قرار دیا جارہا ہے۔


 

مزیدخبریں