اسلام آباد: وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے خلاف اسلحے اور شراب کی برآمدگی کیس میں تمام گواہان پر جرح مکمل کر لی گئی۔
ڈسٹرکٹ اینڈسیشن کورٹ اسلام آباد میں علی امین گنڈاپور کے خلاف کیس کی سماعت جوڈیشل مجسٹریٹ سہیب بلال نے کی اور علی امین گنڈاپور کے وکیل ظہورالحسن، پراسیکیوٹر خیام عباسی عدالت پیش کی۔
کیس کے آخری گواہ یونس کی وڈیو لنک کے ذریعے عدالت میں حاضری لگائی گئی اور ان پر جرح مکمل کر لی گئی۔
گاڑی سے برآمد بوتل بھی بطور ثبوت عدالت میں پیش کی گئی جبکہ گواہ یونس نے بوتل کی بطور ثبوت ریکارڈ کا حصّہ بنانے کی تصدیق کی۔
وکیل ظہورالحسن نے کہا کہ علی امین گنڈاپور کے لیے سوالنامہ مہیہ کردیں جس پر جج سہیب بلال نے کہا کہ سوالنامہ جمع کرواتے وقت علی امین گنڈاپور کا کمرہ عدالت میں ہونا لازمی ہے، اب علی امین گنڈاپور نے کب آنا ہے ضلعی کچہری؟۔
وکیل ظہورالحسن نے جواب دیا کہ میں آپ کو بتا دیتا ہوں، کل تک سوالنامہ مہیہ کردیں ، جس پر جج سہیب بلال نے کہا کہ کل تک سوالنامہ دے دیا جائے گا، آیندہ تاریخ بھی بتا دی جائےگی۔
بعد ازاں علی امین گنڈاپور کے خلاف اسلحہ، شراب برآمدگی کیس کی سماعت کل تک ملتوی کردی گئی۔