اسلام آباد: آزادی صحافت کے عالمی دن کے موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے پیغام دیا اور کہا کہ آزاد پریس عالمی اہمیت کے مسائل اجاگر کرنے کے لیے ناگزیر ہے۔
ملک بھر میں آج آزادی صحافت کا دن منایا جارہا ہے۔ اس دن کو منانے کا بنیادی مقصد صحافت کے بنیادی اصولوں بارے شعور اجاگر کرناہے۔پیشہ وارانہ فرائض کی ادائیگی کے دوران صحافیوں اور صحافتی اداروں کو درپیش مشکلات، مسائل، دھمکی آمیز رویوں اور زندگیوں کو لاحق خطرات سے متعلق آگاہ کرنا ہے۔
آزادی صحافت کے عالمی دن کے موقع پر وزیراعظم ،صدر مملکت نے اپنے پیغام میں کہا کہ غزہ میں جان قربان کرنے والے صحافی انسانیت کے ہیرو ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ جبر سے لڑنا اور سچائی کو سامنے لانا ہی اس دن کا پیغام ہے ،صحافت اور آزادی اظہار جمہوریت کی بنیاد ہے، میڈیا اور تمام فریقین کو درست اطلاعات کیلئے ملکر کام کرنا ہوگا ،انکا کہنا تھا کہ میڈیا اور آ زادی اظہار پر پختہ یقین رکھتے ہیں۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ صحافیوں کی سکیورٹی ،سلامتی کیلئے موثر اقدامات کی ضرورت ہے ، پاکستان کا آ ئین آزادی صحافت کی ضمانت دیتا ہے ،میڈیا کو جعلی خبروں کے سدباب کیلئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے ،موسمیاتی تبدیلی کے خطرے سے بچانے میں میڈیا کا اہم کردار ہے ۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ پیپلز پارٹی آزاد و خودمختار پریس کی حمایت کرتی ہے،آزادی صحافت جمہوریت کی بنیاد ہے ،پریس نے پاکستان میں واچ ڈاگ کے طور پر کام کیا، شہید بینظیر بھٹو نے سنسرشپ کے کالے قوانین کا خاتمہ کیا ،بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ شہید بی بی نے عالمی سطح پر بھی آزادی صحافت اور انسانی حقوق کی حمایت کی۔