اسلام آباد: اسلام آباد ہائی کورٹ نے اقدام قتل کیس میں سابق وزیراعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کو آج ہی عدالت میں پیش ہونے کی ہدایت کردی۔
محسن شاہنواز رانجھا پر حملے کے کیس میں عبوری ضمانت کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ میں عمران خان کی درخواست پر چیف جسٹس عامرفاروق نے سماعت کی۔
سماعت کے آغاز پر چیف جسٹس نے عمران خان کی عدم حاضری پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سوال کیا کہ کہاں ہیں درخواست گزار؟ اس پر عمران خان کے وکیل نعیم حیدر پنجوتھہ نے عدالت کو آگاہ کیا کہ وہ نہیں آسکے، استثنٰی کی درخواست دائر کی ہے۔
چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کہاں ہے استثنیٰ کی درخواست؟ نعیم حیدر پنجوتھہ نے جواب دیا کہ درخواست دائر ہو گئی ہے۔
اس پر چیف جسٹس نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم نیچے آگئے ہیں یا وہ اوپر آگئے ہیں، عدالتوں کا مذاق بنا کر رکھا ہوا ہے، ہائی کورٹ کو سول کورٹ سمجھ رکھا ہے کیا؟
چیف جسٹس نے متنبہ کیا کہ عدالتی وقت تک عمران خان پیش نہ ہوئے تو عبوری ضمانت خارج کردیں گے۔