نجم ثاقب آڈیو لیک: تحقیقات کے لیے خصوصی کمیٹی قائم 

نجم ثاقب آڈیو لیک: تحقیقات کے لیے خصوصی کمیٹی قائم 

اسلام آباد:  اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف نے سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے بیٹے نجم ثاقب کی آڈیو لیک کی تحقیقات کے لیے خصوصی کمیٹی قائم کر دی۔

قومی اسمبلی سیکریٹریٹ نےکمیٹی کی تشکیل کا باضابطہ نوٹیفیکیشن جاری کر دیا ہے۔

نوٹی فکیشن کے مطابق، محمد اسلم بھوتانی کمیٹی کے چیئرمین جبکہ  دیگر ممبران میں شاہدہ اختر علی، محمد ابوبکر، چوہدری محمد برجیس طاہر، شیخ روحیل اصغر  ،سید حسین طارق، ناز بلوچ، خالد حسین مگسی، وجیہہ قمر اور ڈاکٹر محمد افضل خان ڈھانڈلہ شامل ہیں۔

کمیٹی اپنی تحقیقات اور انکوائری کے سلسلے میں کسی بھی تحقیقاتی ادارے کی مدد لے سکے گی اور اپنی جامع تحقیقات کرکے رپورٹ قومی اسمبلی میں پیش کرے گی۔

خیال رہےگزشتہ ماہ 29 اپریل کو سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے صاحبزادے نجم ثاقب کی پنجاب اسمبلی کے حلقہ 137 سے پاکستان تحریک انصاف کا ٹکٹ لینے والے ابوذر چدھڑ سے گفتگو کی مبینہ آڈیو منظر عام پر آ گئی تھی جس میں انہیں پنجاب اسمبلی کے ٹکٹ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے سنا گیا۔