لاہور:سابق وزیراعظم عمران خانے کہاہے کہ بشری بی بی میری زندگی میں کسی نعمت سے کم نہیں، مشکل دور سے بشری بی بی کے بغیر گزرنا ممکن نہیں تھا۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں بات کرتے ہوے چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا بشری بی بی متقی خاتون ہیں وہ چھ ماہ تک ایک ہی کمرے میں رہیں۔ انھوں نے کبھی شاپنگ کا مطالبہ کیا نہ کھانے پر لے جانے کیلئے کہا، انہیں غیرملکی دوروں تک میں دلچسپی نہیں۔
عمران خان نے مزید کہا وہ بشری بی بی کے متعلق کہنا کچھ اور چاہتے تھے منہ سے مرشد نکل گیا، الزامات لگانے والے بشریٰ بی بی کی شخصیت کا احاطہ نہیں کرسکتے۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا آئین پارلیمنٹ سے بھی سپریم ہے، پارلیمنٹ کو آئین پرعملدرآمد کرنا ہے، حکومت نے آئین کے اور فیصلے پر عملدرآمد نہ کیا تو پی ٹی آئی آئین اور عدلیہ کے ساتھ کھڑی ہوگی۔
عمران خان نے کہا ملک کو نقصان نواز شریف اور رشوت کے کلچر نے پہنچایا، نوازشریف کو وزیراعظم بنانے کیلئے ملک کے ادارے تباہ کیے گئے۔
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے سابق آرمی چیف جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ پر ایک بار پھر ڈبل گیم کھیلنے کا الزام عائد کردیا۔
انہوں نے کہا کہ انہوں نے جنرل (ر) باجوہ کے کہنے پر دونوں صوبائی اسمبلیاں تحلیل کیں، جنرل (ر) باجوہ نے انہیں الیکشن کرانے کا کہہ کر ٹرک کی بتی کے پیچھے لگا دیا، ایکسٹینشن سے پہلے الگ باجوہ تھا اور ایکسٹینشن کے بعد الگ باجوہ تھا، ایکسٹینشن کے بعد اسے ن لیگ سے عشق ہوگیا اور ڈیل کے بعد چوروں کومسلط کردیاگیا۔
عمران خان نے یہ بھی واضح کیا کہ وہ روس بھی سابق آرمی چیف کے مشورے سے گئے تھے مگرجب وہ واپس آئے تو ان کے خلاف تحریک عدم اعتماد آگئی، باجوہ نے امریکیوں کو بھی ان کے خلاف بھڑکا دیا۔