یوکرین کے صدر نے تیسری عالمی جنگ کا خدشہ ظاہر کر دیا

05:09 PM, 3 May, 2022

نیوویب ڈیسک

کیف: یوکرین کے صدر ولودو میر زیلینسکی نے کہا ہے کہ روس کے ساتھ جاری جنگ ابھی یوکرین تک محدود ہے ، ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ جنگ میں شدت کی صورت میں تیسری عالمی جنگ کے امکانات بڑھ جائیں گے ۔

اپنے بیان میں زیلینسکی نے کہا کہ یوکرین کی فوج نے اب تک روس کیخلاف فوجی کارروائیوں کا آغاز نہیں کیا ہے ، انہوں نے کہا کہ یوکرینی فوج کا روس پر قبضہ کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ، ہماری فوج بس اپنی سرزمین کا دفاع کر رہی ہے ۔

اس سے قبل یوکرین کے صدر نے دعویٰ کیا تھا کہ جنگ میں اب تک 23 ہزار روسی فوجی مارے جا چکے ہیں ۔ ایک ویڈیو بیان میں یوکرین کے صدر نے کہا کہ روسی افواج کو اس جانی نقصان کے علاوہ ہزاروں ٹینکوں اور 25 ہزار دیگر جنگی گاڑیوں کی تباہی بھی برداشت کرنا پڑی ہے ۔

دوسری جانب ، روس کی جانب سے یہ دعویٰ کیا گیا کہ اس جنگ میں اس کی فوجی ہلاکتوں کی تعداد ایک ہزار سے زائد ہے ، جبکہ 23 ہزار کے قریب یوکرینی جنگجو مارے جا چکے ہیں ۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز امریکی ایوان نمائندگان کی سپیکر نینسی پلوسی نے بھی دورہ یوکرین میں دوٹوک اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ جب تک جنگ جاری ہے امریکہ یوکرین کے ساتھ مضبوطی کے ساتھ کھڑا ہے اور ہر فورم پر حمایت جاری رکھے گا ۔

امریکی ایوان نمائندگان کی سپیکر نینسی پلوسی نے کہا یوکرینی صدر کیساتھ دارالحکومت کیف میں جنگ کی تباہی کے مناظر بھی دیکھے ، انہوں نے کہا کانگریس یوکرین کے لئے جلد ہی 33 ارب ڈالر کی امداد کی قرارداد منظور کر لے گی ۔

مزیدخبریں