”غلامی نامنظور مارچ“ کس تاریخ کو ہو گا؟ عمران خان کا خصوصی پیغام 

01:12 PM, 3 May, 2022

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ رواں مہینے کے آخر میں ”غلامی نامنظور مارچ“ ہو گا جس کی تاریخ کا اعلان جلد کروں گا، آپ اس تاریخی جدوجہد میں شرکت کیلئے خود کو عملی طور پر تیار کریں۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے عیدالفطر کے موقع پر جاری کئے گئے خصوصی پیغام میں کہا کہ قوم کو ماہ صیام کی تکمیل اور عید سعید کی مبارکباد پیش کرتا ہوں اور دعا گو ہوں کہ رب العزت آپ کے قیام و صیام کو شرف قبولیت عطا فرمائیں۔ حصول تقویٰ کیلئے اہل ایمان کی محنت بار آور ثابت ہو، رب کائنات کی پیدا کردہ نعمتوں میں سے فکر و عمل کی آزادی سب سے بڑی نعمت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آزادی کی حقیقی قدر و منزلت کا ادراک غلامی جیسی ذلت کا سامنا کرنے والی قوموں کو ہوتا ہے، 1947میں رمضان کی 27 ویں بابرکت شب غلام ہندوستان میں غلامی کی زنجیروں میں جکڑی قوم کو آزادی جیسی نعمت میسر ہوئی،تاریخ گواہ ہے کہ ہمارے آباؤ  اجداد پر براہ راست حاکم سامراج آزادی کے بعد بھی ہم پر غلامی کے سائے رکھنے پر بضد رہے اور مجھے سامراج کی ان سازشوں کو عملاً دیکھنے کا موقع ملا۔
انہوں نے کہا کہ 7 مارچ کو امریکہ میں متعین پاکستانی سفیر کی جانب سے ہمارے دفتر خارجہ کو ایک خفیہ مراسلہ موصول ہوا اور بطور وزیراعظم اس خفیہ مراسلے کے مندرجات دیکھ کر مجھے شدید حیرت ہوئی، امریکی حکام نے تمام سفارتی آداب بھلا کر پوری ڈھٹائی و تکبر سے ایک آزاد و خودمختار ریاست کی اندرونی سیاست میں کھلی مداخلت کی، امریکیوں نے تحریک عدم اعتماد کے ذریعے ”وزیراعظم“ کو ہٹانے کا حکم، ناکامی کی صورت میں سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں، مراسلے پر وفاقی کابینہ، قومی سلامتی کمیٹی کی تصدیق اور ڈپٹی سپیکر کی واضح رولنگ کے باوجود نہایت تیزی سے حکومت کا تختہ الٹا گیا۔
انہوں نے کہا منتخب جمہوری وزیراعظم کو ہٹا کر رسوائے زمانہ مجرموں کو 40 ارب کی منی لانڈرنگ میں ملوث ”کرائم منسٹر“ کی سربراہی میں اقتدار سونپ دیا گیا، اس ذِلّت آمیز سازش کا واحد مقصد پاکستان کو خودمختاری کی راہ سے روک کر غلامی کی ڈگر پر چلانا تھا، سازش کے ذریعے اس حکومت کو سزا دینا تھا جو ایک آزاد خارجہ پالیسی بنانے کی جسارت کررہی تھی۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ میرا ایمان ہے کہ ہم غلامی کا طوق گلے میں ڈال کر عروج و ترقی کی راہ پر کبھی گامزن نہیں ہوسکتے، پاکستان کا وقار مطلق آزادی و خودمختاری ہی سے وابستہ ہے، عہد ہے کہ جب تک مادر وطن کو سامراج کی مداخلتوں، شرارتوں اور سازشوں سے پاک کرکے حقیقی آزادی و خودمختاری نہیں دلوا لیتے چین سے نہیں بیٹھیں گے، اس مقصد کے حصول کیلئے ایک پرامن مگر بھرپور سیاسی تحریک کا آغاز کیا جا چکا ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ رواں مہینے کے آخر میں ”غلامی نامنظور“ کے عنوان تلے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی جانب پرامن فیصلہ کن ”غلامی نامنظور مارچ“ ہو گا جس کی تاریخ کا اعلان جلد کروں گا، قائد کی آزاد قوم کے ایک فرد کے طور پر آپ بھی اس تاریخی جدوجہد میں شرکت کے لیے خود کو عملی طور پر تیار کریں۔

مزیدخبریں