راولپنڈی: پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ نے کورونا وائرس کیخلاف لڑائی میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دینے پر چین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک فوج چین کیساتھ دوستی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے پاکستان میں تعینات چینی سفیر نونگ رونگ نے اہم ملاقات کی جس میں پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) پر پیشرفت اور خطے کی سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت کی گئی جبکہ افغان امن عمل میں حالیہ پیشرفت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور چینی سفیر کی ملاقات میں کورونا وائرس سے پیدا ہونیوالی صورتحال پر بھی غور کیا گیا۔ چینی سفیر نونگ رونگ نے خطے میں خاص طور پر امن عمل کیلئے پاکستان کےمخلصانہ اقدامات کو سراہا۔