کولمبو: سری لنکن کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر تھیسارا پریرا نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے جن کا کہنا ہے کہ وہ نوجوان کھلاڑیوں کو زیادہ سے زیادہ مواقع ملتے دیکھنا چاہتے ہیں۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق سری لنکا کے بہترین آل راؤنڈرز میں سے ایک تھیسارا پریرا نے جمعرات کو شیڈول اجلاس سے قبل سری لنکا کے سلیکٹرز کو انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے اپنے فیصلے سے آگاہ کیا۔ پریرا سری لنکن کرکٹ ٹیم کے ان کھلاڑیوں میں سے ہیں جو آئندہ سیریز کیلئے سری لنکا کے نوجوان کرکٹرز کو موقع دینے کے خواہاں تھے۔
واضح رہے کہ تھیسارا پریرا نے اپنے کیرئیر کے دوران 166 ون ڈے میچز کھیل کر 2,338 رنز بنا رکھے ہیں اور 175 وکٹیں بھی حاصل کی ہیں جبکہ 84 ٹی 20 میچز میں 1,204 رنز بنائے اور51 وکٹیں حاصل کیں، انہوں نے اپنا آخری ٹیسٹ میچ 2012ءمیں کھیلا تھا۔