نئی دہلی: بھارت میں کورونا وائرس کا پھیلاﺅ تیزی سے جاری ہے جس نے انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے اور کھلاڑیوں کی رپورٹس مثبت آنے کے باعث آج کلکتہ اور بنگلور کی ٹیموں کے درمیان ہونے والا میچ منسوخ کر دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) نے 3 مئی کو کلکتہ نائٹ رائیڈرز اور رائل چیلنجرز بنگلور کی ٹیموں کے درمیان ہونے والا میچ ورون چکراورتی اور سندیپ وارئیر کے کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کے باعث منسوخ کر دیا گیا ہے۔ بھارتی خبررساں ادارے کے مطابق ورون چکراورتی اور سندیپ وارئیرز کو اس وقت کورونا ہوا جب وہ انجری کے باعث میڈیکل چیک اپ کیلئے باہر گئے تھے اور اس انکشاف کے بعد کلکتہ نائٹ رائیڈرز کا پورا کیمپ ہی احمد آباد ہوٹل میں قرنطینہ میں چلا گیا ہے۔
بی سی سی آئی کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ کلکتہ نائٹ رائیڈرز کے باقی تمام کھلاڑیوں کی رپورٹس منفی آئی ہیں جبکہ کورونا وائرس کا شکار ہونے والے دونوں کھلاڑی بائیو سیکیور پروٹول مکمل کرنے کیلئے سات روز تک قرنطینہ میں رہیں گے اور اس کے بعد ہی دوبارہ ٹیم کو جوائن کر سکیں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کلکتہ نائٹ رائیڈرز کے تمام کھلاڑی اپنے اپنے کمروں میں ہیں اور ان کا کھانا بھی دروازے کے باہر رکھا جا رہا ہے۔