فردوس عاشق اعوان سونیا صدف سے معافی مانگیں: مریم نواز

08:59 AM, 3 May, 2021

لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر نے فردوس عاشق اعوان پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اپنی ناکامی اور بدترین کارکردگی کا غصہ سرکاری افسران پر نکالنا فرعونیت ہے ، معاون خصوصی سے معافی کا مطالبہ کر دیا ۔

اپنی ٹویٹ میں مریم نواز نے کہا کہ سرکاری افسران آپ کے ذاتی ملازم نہیں ، سول سرونٹس اور بیوروکریٹس پڑھ لکھ کر ، محنت کرکے ، مقابلے کے امتحان پاس کرکے اس مقام تک پہنچتے ہیں ، سلیکٹ ہو کر نہیں آتے ۔

انہوں نے کہا کہ وزیر ہونے کا مطلب یہ نہیں ہے کہ آپ کو افسران کی تذلیل کا لائسنس مل گیا ہے ۔ یہ رعونت قابل قبول نہیں ۔ سونیا صدف سے معافی مانگیں ۔

نائب صدر ن لیگ نے کہا کہ رمضان بازاروں ميں غير معياری اور مہنگی اشياء حکومتی نالائقی کا منہ بولتا ثبوت ہیں ۔

واضح رہے کہ فردوس عاشق اعوان رمضان بازار کے دورہ کے موقع پر آگ بگولہ ہو گئیں اور اسسٹنٹ کمشنر کو بھرے ہجوم میں ڈانٹ پلادی ۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی معاون خصوصی اطلاعات و نشریات نے اسسٹنٹ کمشنر سیالکوٹ سونیاصدف کو ڈانٹتے ہوئے کہا کہ افسرشاہی کی یہ حکومت نہیں ہے ، آپ جیسے لوگوں کی کارستانیوں کا خمیازہ حکومت کو بھگتنا پڑتا ہے ۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ آپ اے سی ہیں ،عوام کا سامنا کریں اور ان کے سوالوں کا جواب دیں ،چھپ کیوں رہی ہیں ،فردوس عاشق نے کہا کہ ہر شہر کے رمضان بازار کا دورہ کیا مگر سب سے برا حال سیالکوٹ کا ہے، آپ کی حرکتیں ہی اسسٹنٹ کمشنر والی نہیں ۔

ڈانٹ ڈپٹ کے دوران اسسٹنٹ کمشنر سونیا صدف غصے سے پنڈال سے باہر نکل گئیں ۔ واقعے کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے اور صارفین کی جانب سے ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا گیا ۔

مزیدخبریں